فحش فلمیں بنانے میں وسطیٰ پنجاب کے سب سے آگے ہونے کا انکشاف حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، محمود الرشید 

 
0
363

وزیراعلیٰ سیاسی دکانداری چمکا نے میں مصروف ہیں صوبہ میں امن و امان کے ساتھ ساتھ اب تو عزت و ناموس بھی محفوظ نہیں رہی،میڈیا سے گفتگو
لاہور ،جنوری  30 (ٹی این ایس):
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ ایف آئی اے کا بچوں کی فحش فلمیں بنانے میں وسطیٰ پنجاب کے سب سے آگے ہونے کا انکشاف حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

میاں محمودالرشید نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سیاسی دکانداری چمکا نے میں مصروف ہیں جبکہ صوبہ میں امن و امان کے ساتھ ساتھ اب تو عزت و ناموس بھی محفوظ نہیں رہی ، وزیراعلیٰ ہر تقریر میں ایک ہی رٹ لگائے رکھتے ہیں خیبر پختونخوا میں ڈینگی آیا تو ایک لیڈر پہاڑوں پر چڑھ گیا پنجاب میں انفلوئنزا سے روزانہ ہلاکتیں ہو رہی ہیں گردہ ٹرانسپلانٹ کے لئے لاکھوں مریض خوار ہو رہے ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں اس حوالے سے کوئی انتظام نہیں کیا گیا ان کی کرپشن کے دنیا بھر میں ڈنکے بج رہے ہیں۔ شہباز شریف کو یہ سب کب نظر آئیگا؟ ۔

انہوں نے کہاکہ بچوں کیخلاف جرائم میں وسطی پنجاب کا سرفہرست آنا لمحہ فکر یہ ہے حکمرانوں کی اس جانب کوئی توجہ نہیں ہے، شہباز شریف اپنے دوراقتدار کی ایک مثال ایسی دیں جو انکے نزدیک ہی نہیں عوام اور ملک کے اعتبار سے بڑا کارنامہ ہو، بچوں کی عریا ں فلمیں بنانے کے حوالے سے اب تک جو ایک درجن سے زیادہ مقدمات درج کئے گئے ہیں ان میں سے بیشتر پنجاب میں ہوئے ہیں اور گرفتار شدگان کی اکثریت کا تعلق بھی وسطی پنجاب کے شہروں سے ہے، پنجاب میں حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ انٹر پول کینیڈا کی نشاندہی پر جھنگ سے قابل اعتراض ویڈیوز بنانے والا عالمی گروہ کا حصہ انجینئر تیمور پکڑا گیا ہے، انکا کہنا تھا اللہ رحم کرے معاشرے تیزی سے اخلاقی پستی کی طرف جا رہا ہے، سیاست سے ہٹ کر اس خوفناک معاملے کو ملکر حل کرنا ہوگا۔