لاہور میں صاف پانی منصوبے کی فراہمی کے منصوبے میں تعاون پر جاپان حکومت کے شکر گزار ہیں‘

 
0
344

لاہور ،دسمبر21(ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں صاف پانی منصوبے کی فراہمی کے منصوبے میں تعاون پر جاپان حکومت کے شکر گزار ہیں‘ جاپان نے صاف پانی کی فراہمی کے لئے کلورینیٹر لگائے ہیں‘ خیبرپختونخوا نے میٹرو منصوبے کیلئے ایشین بینک سے قرض لیا‘ ملتان میٹرو منصوبے میں ایک ارب 70 کروڑ روپے کا مجھ پر الزام لگایا گیا جو جھوٹا ثابت ہوا‘ جھوٹا الزام لگانے والوں کو کون جھوٹا ثابت کرے گا‘ نیب شوق سے ملتان میٹرو منصوبے کی تحقیقات کرے۔

جمعرات کو جائیکا کے تعاون سے پانی کی فراہی کے اقدامات کی بہتری کی تقریب منعقد ہوئی۔ پانی کی فراہمی کی بہتری کا منصوبہ جاپان کی بین الاقوامی تعاون ایجنسی جائیکا کے تعاون سے لگایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے تقریب کی صدارت کی۔ میاں محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پانی فراہمی منصوبے میں جاپان مالی تعاون فراہم کررہا ہے۔

صاف پانی کی فراہمی کیلئے جائیکا کے تعاون سے کلورینیٹر لگائے گئے ہیں۔ جاپان نے منصوبے میں 2.3 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے منصوبے میں تعاون پر جاپان حکومت کے شکر گزار ہیں جاپان کی گرانٹ سے پنجاب میں 105 ٹیوب ویلز لگائے گئے ہیں۔ آئندہ موقع ملا تو پنجاب کے ہر گھر کو پینے کا صاف پانی فراہم کرینگے۔ فیصل آباد میں 13 ارب روپے سے صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

منصوبوں میں دوست ملک ترکی سے تکنیکی مدد لیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو منصوبے کیلئے کوئی قرض نہیں لیا۔ خیبرپختونخوا نے میٹرو منصوبے کیلئے ایشین بینک سے قرض لیا۔ ملتان میٹرو منصوبے میں ایک ارب 70 کروڑ روپے کرپشن کا الزام لگایا گیا جو جھوٹا ثابت ہوا جھوٹا الزام لگانے والوں کو کون جھوٹا کرے گا نیب شوق سے ملتان میٹرو منصوبے کی تحقیقات کرے۔