عوامی خدمت کا جذبہ لے کر حکومت میں شامل ہوئے ہیں،میرعامر رند 

 
0
350

کوئٹہ ،جنوری 29(ٹی این ایس):صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی میرعامر رند نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر حکومت میں شامل ہوئے ہیں۔ تمام محکموں کو فعال کردیا گیا عوام کے مسائل کے حل کے لئے انقلابی اقدامات کریں گے۔ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر موجودہ حکومت کا حصہ بنے ہیں اگر ہم اپنے دوراقتدار میں عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات میسر نہ کرسکے تو حکومت میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔ سابقہ ادوار میں بھی عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں ہوئے جس سے عوام سابقہ حکومت سے مایوس ہوچکے تھے۔ انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ بطور صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی میں نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام محکموں کو فعال کریں تاکہ عوامی مسائل حل کرنے میں مشکلات درپیش نہ ہوں اور انشاء اللہ جلد عوام ایک خوشگوار تبدیلی محسوس کرے گی کیونکہ ہماری حکومت کا وژن ہی تبدیلی، ترقی و خوشحالی ہے جسے ہر حالت میں پایہ ء تکمیل تک پہنچائیں گے