لیسکوکے چیف ایگزیکٹو کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن کے مختلف سرکلز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد

 
0
570

لاہور ،جنوری 29(ٹی این ایس): لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن کے مختلف سرکلز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد صارفین کی سہولت اور بجلی بلوں کے حوالے سے شکایات کا فی الفور ازالہ ممکن بنانا ہے۔لیسکو کے ترجمان کے مطابق اس ضمن میں لیسکو کے سینٹرل سرکل کی جانب سے مختلف ڈویژنز اور سب ڈویژنزمیں کُھلی کچہریاں منعقد کی گئیں۔ایس ای سینٹرل سرکل الیاس گھمن کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ٹاؤن شپ ڈویژن کے دفتر میں ایکسئن رائے اصغر نے کھلی کچہری میں عوام کے مسائل سنے جبکہ گرین ٹاون اور واپڈا ٹاون میں بھی ایسی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ سول لائن ڈویژن، رائے ونڈ ڈویژن شادمان ڈویژن اور اقبال ٹاون ڈویژن کے مرکزی دفاتر اور سب ڈویژنز کے دفاتر میں بھی کُھلی کچہریاں منعقد کی گئیں ۔چیف ایگزیکٹولیسکو سید واجد علی کاظمی کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ہدایات کے پیش نظر ایس ای سمیت تمام متعلقہ ایکسئینز اور ایس ڈی اوز نے ان کُھلی کچہریوں میں شرکت کی جہاں نہ صرف لیسکو صارفین کے بجلی بلوں سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا بلکہ دیگر معاملات اور مسائل بھی سنے گئے۔ کھلی کچہری میں آنے والے صارفین نے لیسکو کے اس عمل کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی کہ لیسکو آئندہ بھی صارفین کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔