لاہور ،جنوری 29(ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور راؤ امتیاز ،سی ٹی او لاہور رائے اعجازکی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ڈی آفس نادر ہال میں ہوا۔اجلاس میں اے سی سٹی عبداللہ خرم نیازی ، ایل ٹی سی کمپنی ،میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران اورسرکلر روڈ شاہ عالم مارکیٹ ٹریڈرز یونین کے ارکان نے شرکت کی ۔
سرکلر روڈ شاہ عالم مارکیٹ ٹریڈرز یونین کے ارکان نے شاہ عالم مارکیٹ میں پارکنگ کے مسائل اور تجاوزات کے بارے میں بتایاجس پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور راؤ امتیاز ،سی ٹی او لاہور رائے اعجاز نے واضح طور پر کہا کہ سڑک پر موجود تجاوزات کو ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مئیر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید بھی ان تجاوزات کو ختم کروانے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غلط پارک کرنے والوں کی گاڑیوں کے فوری طور پر چلان کیے جائیں اور گاڑیوں کو لفٹر سے بھی اٹھایا جائے۔ سی ٹی او لاہور رائے اعجاز نے کہا کہ لاہور پارکنگ کمپنی کی وجہ سے بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈرز کو فری پارکنگ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارک اینڈ رائیڈ پلان پر بھی کام کیا جارہا ہیں جس کو جلد متعارف کروا دیا جائے گا۔