نشاط گروپ آف انڈسٹریز کے ڈائریکٹرز کے وفد کی سی ای او ریلوے کیساتھ ملاقات

 
0
665

جیا بگا ریلوے اسٹیشن پر جدید فریٹ ٹرمینل کے قیام کے لئے مشترکہ سرمایہ کاری کی پیشکش
لاہور ،جنوری  30 (ٹی این ایس):
پاکستان ریلویز کے چیف ایگزیکٹوآفیسر محمدجاوید انورسے نشاط گروپ آف انڈسٹریز کے ڈائریکٹرز کے ایک وفد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ملاقات کی اور جیا بگا ریلوے اسٹیشن پر جدید فریٹ ٹرمینل کے قیام کے لئے مشترکہ سرمایہ کاری کی پیشکش کی، نشاط گروپ ریلوے کے ساتھ بزنس میں اضافے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔

ملاقات میں نشاط گروپ کے ڈائریکٹرز نے پاکستان ریلویز کے ساتھ حال ہی میں شروع کئے گئے فریٹ آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد نے ریلویز فریٹ سیکٹر کی استعداد کار میں اضافے اور بہترین سروس مہیا کرنے کی کامیاب کاوش پر مبارک باد پیش کی اوراس خواہش کاا ظہار کیا کہ ان کا گروپ موجودہ آپریشنز کو بڑھانا چاہتا ہے۔ اس بڑے گروپ کے پاس کوئلہ، کنٹینرز، فرنس آئل اور جنرل کارگو کی شکل میں بہت بڑے حجم کی فریٹ ٹریفک موجود ہے جسے وہ ریلویز پر منتقل کرنا چاہتا ہے۔ اس سلسلہ میں جیابگا ریلوے اسٹیشن پر ایک جدید فریٹ ٹرمینل پر مشترکہ سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ نشاط گروپ کے ملک بھر میں پھیلے صنعتی اور کاروباری مراکز تک ریلویز بہترین ذریعہ نقل و حمل ثابت ہو سکتا ہے۔

ریلوے حکام نے اپنے محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کے اظہار کے لئے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ بدلے ہوئے حالات میں پاکستان ریلویز دوسرے ذرائع کی نسبت بہت بہتر طور پر مال برداری کی خدمات انجام دے سکتا ہے۔ ریلوے پورے اعتماد کے ساتھ بہترین خدمات مہیا کرنے کے لئے تیار ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ ادارے اور قوم کے مفاد کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے کہ مستقبل میں بہتر اور زیادہ کاروبار کے لئے کوشش کی جائے گی تاکہ ملک کا فائدہ ہو۔اس ملاقات میں ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدلحمید رازی اور دوسرے متعلقہ ریلوے افسران بھی موجود تھے۔