عمران حکومت کے پہلے 100دن مسلم لیگ (ن)، پی پی کے دور حکومت سے بہتر ہونگے،عمران خان کسی بھی عہدے کیلئے نامزد کریں قبول ہوگا
لاہور/ اسلام آباد جولائی 30(ٹی این ایس)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے، آزاد اراکین سے رابطے مکمل ہو گئے، چند روز میں انصاف حکومت کا قیام عمل میں آ جائیگا،عمران حکومت کے پہلے 100دن مسلم لیگ (ن)، پی پی کے دور حکومت سے بہتر ہونگے،عمران خان کسی بھی عہدے کیلئے نامزد کریں قبول ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ کسی کو پنجاب اور مرکز میں حکومت بنانے سے متعلق ابہام نہیں ہونا چاہئے، تحریک انصاف پنجاب سمیت ملک بھر سے متعدد ان سیٹوں سے بھی ہاری جہاں جیت یقینی تھی لیکن ہم سسٹم میں رہتے ہوئے اپنے تمام آئینی و قانونی آپشن استعمال کر رہے ہیں مخالفین کو کہتا ہوں شکست تسلیم کریں اور اپنی غلطیوں کا احاطہ کریں۔
ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کو اڈیالہ جاتے دو سال لگے لیکن شہباز شریف کے دو ماہ بھی نہیں لگیں گے کیونکہ سپیڈ شریف کے جرائم کی فہرست طویل اور شواہد موجود ہیں، دوسرا ملکی سیاست میں نواز شریف کے بعد شہباز شریف کا بھی کردار ختم ہونے کے قریب ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کون ہوگا اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم پارٹی جو فیصلہ کریگی اسے قبول کرونگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مرکز اور صوبوں میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوگی،شہبازدور میں جس سپیڈ کے ساتھ کرپشن ہوئی اسکی مثال نہیں ملتی،نواز شریف کے بعد ملکی سیاست میں شہباز شریف کا کردار بھی ختم ہونے کے قریب ہے۔
خبر نمبر 104