سانحہ ماڈل ٹاؤن ، سابق آئی جی مشتاق سکھیرا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں طلبی کے نوٹس معطل کرنے کے حکم امتناعی میں توسیع 

 
0
346

لاہور ،جنوری  30 (ٹی این ایس):لاہورہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ میں سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کو انسداد دہشتگردی عدالت میں طلبی کے نوٹس معطل کرنے کے حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 24جنوری تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت شروع کی تو سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے پیش ہوئے اور بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دو مقدمات درج ہوئے مجھے ان میں ملزم نامزد نہیں کیا گیامگر واقعے کے چوبیس ماہ بعد مجھے استغاثہ میں ملزم نامزد کر دیا گیا ۔جبکہ استغاثہ میں میرا موقف سنے بغیر دہشت گردی عدالت نے طلبی کے نوٹس جاری کئے جو کہ بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے استدعا کی کہ میں بے گناہ ہوں لہٰذا دہشت گردی عدالت کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کوکالعدم قرار دیا جائے۔فاضل عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے وکیل رائے بشیر کے پیش نہ ہونے پر کہا کہ رائے بشیر عدالت میں پیش ہوں گے تو کیس کی سماعت آگے بڑھے گی۔ جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24فروری تک ملتوی کرتے ہوئے عوامی تحریک کے وکیل رائے بشیر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔