اسلام آباد جنوری 30(ٹی این ایس )سپریم کورٹ نے کوہاٹ میں قتل ہونے والی میڈیکل طالبہ عاصمہ کے قتل کا از خود نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔ منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے مردان میں ریپ کے بعد قتل کی جانے والی 4 سالہ بچی عاصمہ کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران کوہاٹ میں قتل کی گئی میڈیکل طالبہ عاصمہ کے قتل کا بھی از خود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس نے آئی جی کے پی کے سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کتنے عرصے میں ملزم پکڑا جائیگا ٗ بہت سنا تھا کے پی کے پولیس بہتر ہوگئی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کوہاٹ میں لڑکی کو قتل کرکے ملزم فرار ہوگیا، کے پی کے پولیس کیا کررہی ہے، انہوں نے سوال کیا کہ آئی جی کے پی کے کدھر ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کے پی کے پولیس لوگوں کو ہراساں کررہی ہے، تحقیقات کا کوئی میکانزم نہیں ہے، انہوں نے ریمارکس دیئے کہ کے پی کے پولیس میں صلاحیت نہیں، اس لیے کے پی کے پولیس، پنجاب پر انحصار کررہی ہے۔