قطر کی تصویر بہتر بنانے کے لیے صہیونی شخصیات دوحہ گئیں، اسرائیل

 
0
323

واشنگٹن فروری 1(ٹی این ایس) واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے نے انکشاف کیا ہے کہ قطر نے امریکا میں اسرائیل کی حامی صہیونی کمیونٹی کی با اثر شخصیات کے ساتھ رابطے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ یہ بات اسرائیلی اخبار نے سفارت خانے کے ترجمان کے حوالے سے بتائی۔ترجمان کے مطابق اسرائیل کے حامی امریکی رہ نماؤں اور قطر کے اعلی ذمّے داران کے بیچ رابطوں اور قربت کا یہ سلسلہ 2017 کے وسط سے شروع ہوا جس کا مقصد قطر کی ایک اچھی تصویر کی ترویج ہے۔تاہم ترجمان نے ان رابطوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی سفارت خانہ قطر کے ان اقدامات پر آمادہ نہیں ہے۔امریکا میں صہیونی تنظیم کے سربراہ مورٹن کلائن نے جو ایک سینئر امریکی معیشت داں اور اسرائیل کے ایک بڑے حامی ہیں مذکورہ اخبار کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ دوحہ کی جانب سے مسلسل دعوت وصول ہونے کے بعد آخرکار جنوری 2018 کے اوائل میں انہوں نے قطر کا دورہ کیا اور قطری عہدے داران سے ملاقات کی۔کلائن کے مطابق حماس کے لیے قطری سپورٹ اور الجزیرہ چینل کی جانب سے معاندانہ مہم کے سبب ابتدا میں انہوں نے دوحہ کی دعوت مسترد کر دی تھی۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے دیکھا کہ اسرائیل کی حمایت یافتہ کئی یہودی شخصیات نے دوحہ کا دورہ کیا ہے جس کے بعد وہ آمادہ ہو گئے۔