اداروں کو ایک دوسرے کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے ٗ خواجہ سعد رفیق

 
0
286

ملتا ن فر وری 3(ٹی این ایس) وفاقی و زیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اداروں کو ایک دوسرے کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے ٗ عدلیہ کی بحالی کیلئے سب سے بڑی جدوجہد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے کی ‘جیلیں کاٹیں‘چاہتے تھے پاکستا ن میں غیر جانبدار اور فعال عدلیہ ہو ٗآج کل کا جو ماحول بن گیا ہے اس کا ذمہ دار وہ شخص ہے جس نے عدالت کا فورم استعمال کیا ٗاداروں میں فاصلے سے ریاست کو نقصان ہوتا ہے‘ بدقسمتی سے سیاستدانوں کا احترام نہیں کیا جاتا ۔

ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدلیہ پر ہم تنقید نہیں کرتے اور عدلیہ کا احترام ہم پر واجب ہے اور ہم کرتے ہیں ٗ آج کی عدلیہ کی بحالی کیلئے سب سے بڑی جدوجہد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے کی اور جیلیں کاٹی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے تھے پاکستا ن میں غیر جانبدار اور فعال عدلیہ ہو ٗہم نے کسی پر احسان نہیں کیا انہوں نے کہاکہ عدلیہ کا فیصلہ آپ کو ماننا چاہیے آج کل کا جو ماحول بن گیا ہے یہ نہیں بننا چاہیے تھا ٗ اس ماحول کا سب سے بڑا ذمہ دار وہ شخص ہے جس نے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کیا ۔

انہوں نے کہاکہ جب ان کے دھرنے ناکام ہوئے تو عدلیہ کو استعمال کیا گیا اور وہ لوگ ماحول میں تلخی بڑھانے میں کامیاب ہوئے ہیں ٗاداروں کے فاصلے سے ریاست کو نقصان ہوتا ہے ٗہم بھلے ان فیصلوں سے اتفاق نہیں کرتے پھر بھی ایک دوسرے کو درگزر کرنے کے علاوہ کوئی آگے بڑھنے کا راستہ نہیں ہے جس طرح فوج اور عدلیہ کا احترام لازم ہے اس طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی لازم ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے سیاستدانوں کا احترام نہیں کیا جاتا ٗ اس سے مسلم لیگ(ن) کو نہیں پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے۔