مسائل کے حل ،عوام کی فلاح کیلئے ہر کسی کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا’ ریما 

 
0
260

لاہور،فروری 04(ٹی این ایس):نامور اداکارہ و ہدایتکارہ ریما نے کہا ہے کہ مسائل کے حل اور عوام کی فلاح کیلئے سب کچھ حکومت کے کندھوں پر ڈالنے کی روش کو ترک کر کے ہر کسی کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان میں بہت سے نجی ادارے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بے پناہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں جن کی ستائش ہونی چاہیے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے اپنے گلی محلے کی صفائی کا بیڑہ اٹھا لیں تو ہمیں کسی بھی ادارے سے شکایت نہیں رہے گی ۔ اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو صرف حکومت پر انحصار کرنے کی بجائے اس کا ساتھ دینا ہوگا اور معاشرے میں بسنے والے ہر فرد کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت لوگوں کو چاہیے کہ وہ گلی محلے کی سطح پر صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کریں اور پھر دیکھیں اس کے کتنے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔حکومت کو چاہیے کہ ایسے لوگوں کی معاونت کرے اور اس سے منصوبے کے سو فیصد نتائج حاصل ہو سکیں گے۔