مودی نے عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کی بربادی کیلئے اسرائیل اور یہودیوں کے ساتھ وعدے کئے، آسیہ اندرابی 

 
0
302

جب تک پاکستان سے کوئی ابن قاسم نہیں پہنچے گا مظلوم کشمیری عوام اپنے خون کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے، یکجہتی کشمیر ریلی میں آڈیو خطاب
حیدرآباد، جنوری 06  (ٹی این ایس):
مقبوضہ کشمیر کی تحریک حریت کی ممتاز رہنماء بہن آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان مودی سے کیوں مرعوب ہے مودی وہ زہریلا سانپ ہے جس نے عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کی بربادی کے لئے اسرائیل اور یہودیوں کے ساتھ وعدے کئے ہیں اور قسمیں کھائی ہیں جب تک پاکستان سے کوئی ابن قاسم نہیں پہنچے گا مظلوم کشمیری عوام اپنے خون کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے۔

آسیہ اندرابی نے یہ بات اپنے ایک آڈیو خطاب میں کہی جو “یکجہتی کشمیر ریلی” میں سنائی گئی، ریلی سے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، دفاع پاکستان کونسل کے رہنماء حافظ عبدالرؤف، ملی مسلم لیگ کے صوبائی صدر فیصل ندیم، جے یو آئی(س) کے ضلعی صدر عبدالواحد سواتی، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید، سندھ انقلابی پارٹی کے صدر قوم پرست رہنماء غازی خان سولنگی نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق امراء جماعت اسلامی حیدرآباد مشتاق احمد خان، شیخ شوکت علی، مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے ضلعی آرگنائزر سابق ایم پی اے حاجی محمد عثمان کینیڈی اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ ہم نے گذشتہ سال اللہ تعالیٰ سے دعا کی تھی کہ ہم پاکستان کے ساتھ مل کر یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے لیکن ایسا نہیں ہو سکا یہ اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے کہ وہ کب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزمائش میں رکھنا چاہتا ہے اور وہ کب بھارت کی غلامی سے آزاد ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ کے ہاں ہم سب کو انفرادی طور پر جوابدہی کرنا ہو گی کہ ہم نے کشمیر کی آزادی کے لئے کیا جدوجہد کی، آج مقبوضہ کشمیر میں حالات خطرناک سطح پر پہنچ چکے ہیں اور مصائب و الم اور خونریزی عروج پر ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان سے کوئی ابن قاسم نہیں پہنچے گا کشمیری مائیں بہنیں بیٹیاں جوان بوڑھے اپنے خون کے نذرانے پیش کرتے ہیں گے لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ پاکستان کے حکمران خواب غفلت کا شکا رہیں اور اپنے جسم کے حصے کو آزاد کرانے کے لئے کوئی موثر قدم نہیں اٹھا رہے اس لئے مسئلہ کشمیر سردخانے کی نذر کرنے کی دشمن سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر تو ہو رہا ہے لیکن یہ اس وقت تک حل نہیں ہو گا جب تک پاکستان اسے منطقی حل تک پہنچانے کے لئے موثر قدم نہیں اٹھائے گا۔

آسیہ اندرابی نے کہا کہ آخر پاکستان مودی سے کیوں مرعوب ہے مودی وہ خبیث زہریلا انسان ہے جس نے پوری دنیا کے مسلمانوں کی بربادی کے لئے یہودیوں کے ساتھ معاہدے کئے ہیں اور قسمیں کھائی ہیں، انہوں نے پاکستان کی کشمیر کمیٹی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کشمیر کمیٹی کشمیرکاز کے لئے کوئی موثر قدم اٹھانے میں اب تک کامیاب نہیں ہو سکی، اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان ، کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ اللہ کے نعرے بھی لگتے رہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جمعیت علماء اسلام (ف)، تحریک لبیک یارسولﷺ، مسلم لیگ (ن)، سنی رابطہ کونسل ضلع حیدرآباد، پاک سر زمین پارٹی اور سول سوسائٹی کی طرف سے بھی ریلیاں نکالی گئیں، اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔