اسلام آباد نومبر 20 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کی حیثیت سے حلف اُٹھایا ۔ اسد عمر کو وزیر برائے منصوبہ بندی بنانے پر پاکستان کے ہمسایہ ملک چین نے بھی خوشی کا اظہار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں چینی سفارتکار لی جیان ژاؤ نے کہا کہ دیانتدار شخص (اسد عمر) کو نئی پوسٹنگ پر مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پائیدار ترقی کے لیے مؤثر حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے۔
Congratulations on the new post to the man of integrity. Pakistan badly needs a strategy of sustainable growth after the stablization period. @Asad_Umar https://t.co/TLOWRyBTJy
— Lijian Zhao 赵立坚 (@zlj517) November 20, 2019
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ پھر سے رد و بدل اور توسیع کی گئی ۔ جس کا کابینہ ڈویژن نے گذشتہ روز نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔ اس نوٹیفکیشن کے مطابق اسد عمر کو وزارت منصوبہ بندی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔
صاحبزادہ محبوب سلطان کو وفاقی وزیر سیفران بنادیا گیا جبکہ ان سے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ شہریار آفریدی سے وزارت سیفران کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ خسرو بختیار کو پٹرلیم کی بجائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کا قلمدان دیا گیا تھا۔ دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔
گذشتہ روز منگل کو ایوان صدر میں اس سلسلے میں حلف برداری کی خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسد عمر سے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف اُٹھانے کے بعد صدر مملکت نے اسد عمر کو مبارکباد دی۔ تاہم اب اسد عمر کو وزارت منصوبہ بندی بنائے جانے پر پاکستان کے ہمسایہ اور بہترین دوست ملک چین نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر اسد عمر کو مبارکباد بھی پیش کی۔