وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ہاتھوں ملتان میں صحت سے متعلق ساڑھے 5ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح

 
0
857

عالمی معیار کےکڈنی انسٹی ٹیوٹ، برن یونٹ ،ریجنل بلڈسنٹرز ،شہباز شریف ہسپتال اورڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری  سے جنوبی پنجاب کے علاوہ شمالی بلوچستان اور سندھ کے لوگ بھی مستفید ہونگے

 الیکشن سے پہلے ایک دوماہ میں شہر میں نشترہسپتال دوئم کاسنگ بنیادرکھ دیں گے، شہباز شریف کا اعلان

ملتان، فروری 07(ٹی این ایس):وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاکہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ انہوں نے ساڑھے 5ارب روپے کی مالیت سے شہر میں صحت کی سہولتوں کاجال بچھادیاہے۔ یہ بات انھوں نے بدھ کے روز کڈنی انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔

انہوں نے کہاکہ تمام منصوبے جن میں برن یونٹ کاقیام ،ریجنل بلڈسنٹرز ،شہباز شریف ہسپتال اورڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری عالمی معیار کے حامل منصوبے ہیں ۔

اس موقع پرانہوں نے ڈائیلسزسنٹرمیں 150جدید مشینوں کی فراہمی کااعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے لاہور میں بننے والے لیور اورکڈنی سنٹر میں بھی دنیاکے بہترین ماہرین اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کردی گئیں ہیں ۔اب وہ زمانہ گیا جہاں ہسپتال کی مشین توخراب ہوتی تھیں لیکن ڈاکٹروں کی اپنی پرائیویٹ مشینیں پوری طرح کام کرتی تھیں۔

وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایاکہ تمام سی ٹی سکین مشینیں 24گھنٹے مریضوں کو مفت خدمات فراہم کریں گی ۔انہوں نے اس بات کااعلان کیاکہ الیکشن سے پہلے ایک دوماہ میں شہر میں نشترہسپتال دوئم کاسنگ بنیادرکھ دیں گے۔ یہ ہسپتال دنیا کے بہترین ہسپتالوں میں شما رہوگا جسے ایک سال میں ہی مکمل کیاجائے گا۔انہوں نے یاددلایاکہ ایک وقت تھا جب ملک میں 10سے 12گھنٹے تک بجلی نہیں آتی تھی ۔

ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز زسینکڑوں مریضوں کو روزانہ بنیادوں پر مفت سہولیات فراہم کرنے لگا ۔13سو نناوے ملین روپے کی لاگت سے 150بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال چوبیس گھنٹے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے جس کی کلینکل لیبارٹری اور ریڈیالوجی محکموں میں تازہ ترین آلات شامل کئے گئے ہیں جن میں 64 سی ٹی سکین مشینیں شامل ہیں۔
ہسپتال میں مریضوں کے علاج کے انتظامی ا مور کا جائزہ لیا جائے تو لیبارٹری: فی دن 675 ٹیسٹ ،الٹراساونڈ: 70 سے 80 مریض فی دن ،ایکس رے: 60 سے 70 مریض فی دن ،سی ٹی اسکین: 12 سے 15 مریض روزانہ اوردیگر ریڈ یالوجی پراسیس: 15 مریض روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کا علاج کیا جا رہا ہے
ہسپتال تازہ ترین ٹیکنالوجی سے مکمل طور پر لیس ہیں جن میں نیفراولوجی وارڈ،یورالوجی وارڈ،انٹینسیو کئیریونٹ (آئی سی یو)،ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو)اور 4آپریشن تھیٹرز کی سہولت کے ساتھ یہ اعلیٰ درجے کی ٹیکنالوجی سے لیس ہے جہاں ہر روز پانچ آپریشن کئے جاتے ہیں۔ پنجاب کے دیگر ہسپتالوں میں بھی شعبہ صحت کو لے کر بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

چلڈرن ہسپتال لاہور کی سہولیات میں مزید اضافہ کرتے ہوے 150 بستروں کو شامل کیا گیا ہے جس پر 1929 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ 807 ملین روپے سے برن یونٹ، نشتر ہسپتال، ملتان میں تعمیر کیا گیا ہے۔411 ملین روپے کی لاگت سے شہباز شریف جنرل ہسپتال، ملتان،300 ملین کی لاگت سے ریجنل بلڈ سینٹر ، ملتان ،چلڈرن ہسپتال ، ملتان میں 150بیڈز کا اضافہ،150بیڈز پر مشتمل ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ذزیزز،نشتر ہسپتال ، ملتان میں عالمی معیار کا برن یونٹ ،گورنمنٹ شہباز شریف اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قائم کیے گئے ہیں ۔300بستروں پر مشتمل چلڈرن ہسپتال ملتان کا شمار بھی اس وقت جنوبی پنجاب کے جدیدہسپتالوں میں ہوتا ہے ۔ جرمنی کے مالی تعاون کے ساتھ 323 ملین روپے کی لاگت ملتان اور بہاول پور کیلئے ریجنل بلڈ سینٹرز تعمیر کئے گئے ہیں۔ملتان اور بہاولپور میں پنجاب حکومت کے محفوظ بلڈٹرانسمیشن پروجیکٹ کے تحت دو ریجنل بلڈ سینٹر قائم کیے گئے ہیں اور جنوبی پنجاب کے 11 ہسپتالوں کو ان مراکز سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ دوسرا مرحلے میں ایسے ہی مراکز لاہور اور فیصل آباد میں قائم کیے جائیں گے جن کے ذریعے ہسپتالوں میں محفوظ خون فراہم کیا جائے گا۔

وزیرِ اعلیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ آج  ملک میں لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ ہونے کے قریب ہے۔ بجلی کے مختلف منصوبے محمد نواز شریف کی زیرنگرانی پایہ تکمیل کوپہنچ چکے ہیں ۔زراعت اورصنعت جوکہ خستہ حال تھی ایک بارپھر ترقی کی جانب رواں دواں ہے، ساڑھی12سومیگا واٹ کانیا منصوبہ بہت جلد جھنگ میں لگارہے ہیں ۔انہوں نے سامعین کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ایسا منظرپہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا کہ تمام منصوبوں میں 100ارب روپے کی بچت ہوئی ۔

ایجوکیشن سیکٹرمیں پونے 3لاکھ بچوں کو وظائف دیئے گئے ۔ انہوں نے اپوزیشن کوسخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ آصف زرداری سے باہر ملکوں میں جع کرائی گئی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے ، عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ بول کرقوم کوگمراہ کرنے کی کوشش کی ،کے پی کے صوبہ میں نہ کبھی ہسپتال آیااورنہ عمران بجلی پیداکرسکے ۔پی ٹی آئی کے چیئرمین کوآج ساڑھے چار سال بعد اپنے صوبہ میں میٹرویاد آرہی ہے ۔ محمدشہبازشریف نے کہاکہ اگلے 5سال میں ن لیگ الیکشن جیت کرملک میں انقلاب لائیگی اور وہ بہت جلد ملتان کادوبارہ دورہ کریں گے۔