الیکشن کمیشن نے ضیااللہ آفریدی کیخلاف عمران خان کا ریفرنس خارج کردیا ٗ اسمبلی رکنیت برقرار

 
0
396

اسلام آباد فروری 8(ٹی این ایس)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے باغی رکن اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق عمران خان کا ریفرنس خارج کردیا اور انہیں رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔الیکشن کمیشن نے ضیاء اللہ آفریدی کو نااہل قرار دینے کے حوالے سے عمران خان کے ریفرنس پر 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا اور ضیا اللہ آفریدی کو رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔ضیااللہ آفریدی کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کی جس پر انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا جبکہ انہوں نے کسی اور پارٹی میں بھی شمولیت اختیار نہیں کی۔

دوسری جانب عمران خان کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ضیاء اللہ آفریدی نے پارٹی قواعد کی خلاف ورزی کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کا ریفرنس مسترد کردیا اور ضیاء اللہ آفریدی کو رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کردی۔درخواست گزار یوسف علی نے موقف اختیار کیا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے دوران بے ضابطگی کی گئی اور پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کے خلاف پارٹی آئین میں تبدیلی کی گئی۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ بے ضابطگیوں پر پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیا جائے۔دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے ووٹوں کی تفصیلات اور بذریعہ ایس ایم ایس موصول ہونے والے نتائج بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کردی۔