نواز شریف کے بیان کی بھارتی میڈیا نے غلط تشریح اور بدقسمتی سے پاکستانی میڈیا نے بھی ارادی یا غیر ارادی طور پر بھارتی خبروں کی توثیق کی: ترجمان مسلم لیگ

 
0
353

نواز شریف کو قومی سلامتی کے تحفظ کے لئےکسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے، انھوں نے قومی سلامتی کی تاریخ میں مشکل فیصلے کئے

شہباز شریف کی انتخابی  مہم میں کردار سے متعلق بھی نواز شریف کے بیان کی غلط تشریح کی جارہی ہے: وضاحتی بیان

اسلام آباد ،، مئی  13 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن نے  پارٹی کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے بیان کی وحاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  بھارتی میڈیا نے اسکی غلط تشریح کی اور بدقسمتی سے پاکستانی میڈیا نے بھی ارادی یا غیر ارادی طور پر بھارتی خبروں کی توثیق کی۔

ترجمان مسلم لیگ ن  نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ نواز شریف کو قومی سلامتی کے تحفظ کے لئےکسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے،قومی سلامتی پر تاریخ میں نواز شریف نے مشکل فیصلے کئے،مئی 1998 میں انہی کے مشکل مگر جراتمندانہ  فیصلوں کی بدولت پاکستان ایک ایٹمی قوت بنا۔

ن لیگ کے ترجمان  نے مزید کہا ہے کہ شہباز شریف کی انتخابی  مہم میں کردار سے متعلق بھی نواز شریف کے بیان کی غلط تشریح کی جارہی ہے، میاں نواز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے منتخب صدر ہیں اور یہ جماعت ملک کی مقبول سیاسی جماعت ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ شہباز شریف پہلے سے ہی پارٹی کی انتخابی مہم میں پیش پیش ہیں اور پارٹی کے پیغام کو ملک کے کونے کونے میں پہنچا رہے ہیں، ترجمان مسلم لیگ ن کے مطابق شہباز شریف کے کردار اور مستقبل کی ذمہ داریوں سے متعلق کوئی ابہام موجود نہیں ہے۔