دنیا بھر میں انقلابی تحریکوں میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،مصطفی کمال

 
0
1865

کراچی فروری 10(ٹی این ایس)پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انقلابی تحریکوں میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب تک ہم خواتین کو شامل نہیں کریں گے اس وقت تک پاکستان کی ترقی ممکن نہیں ہوگی۔ ان خیالات اظہار پاک سر زمین پارٹی کی شعبہ خواتین کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام بھی عورتوں کی تعلیم پر زور دیتا ہے، کیونکہ عورت کو تعلیم دینا گویا آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارنا اور ایک صحت مند معاشرے کو جنم دینا ہے،

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے جو بے پناہ صلاحیت رکھتی ہیں اورآج پاکستانی خواتین تعلیم،صحت،سیاست،کھیل،سماجی فلاح و بہبود اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا کالوہا منوارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پورے پاکستان کی خواتین کو دعوت دیتا ہوں کہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنابھر پور کردار ادا کرنے کیلئے آگے آئیں کیونکہ پاکستان ایک عظیم ملک ہونے کے باوجود ایک عظیم قوم اس وقت تک نہیں بن سکتا ہے جب تک اس میں خواتین کا کردار نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا ہمارا نعرہ عزت،انصاف،اختیار ہے اور یہ ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے اور میری پارٹی پاکستان کی خواتین کو نا صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے بلکہ ان پہ فخر کرتی ہے ہم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک ہم خواتین کا احترام نہیں کریں گے۔انہون نے پاک سرزمین پارٹی کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچانے میں خواتین کے کردار لائق تحسین ہے لہذا پارٹی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے میں خواتین اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔