تین سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’بدلاپور‘ کے سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع

 
0
780

ممبئی فروری 11(ٹی این ایس)بالی ووڈ اداکار ورون دھون کی گزشتہ برس کے آخر میں ریلیز ہونے والی فلم ’جڑواں 2‘ کی کامیابی کے بعد ان کے لیے کئی فلم سازوں نے دروازے کھول لیے ہیں۔’جڑواں 2‘ کی کامیابی کے بعد جہاں یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ ورون دھون بولی وڈ سلطان سلمان خان کی ایک اور فلم ’بیوی نمبر ون‘ کے سیکوئل میں ان کی جگہ لیں گے۔وہیں اب خبر آئی ہے کہ وہ 2015 میں ریلیز ہونے والی اپنی تھرلر ڈرامہ فلم ’بدلاپور‘ کے سیکوئل میں بھی نظر آئیں گے۔تین سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’بدلاپور‘ کے سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، اور پہلے مرحلے میں فلم کا اسکرپٹ مکمل کیا جا رہا ہے۔ممبئی مرر کے مطابق ’بدلاپور‘ کے فلم ساز سری رام راگھون فلم کا سیکوئل بنانا چاہتے ہیں، اور انہوں نے اس حوالے سے پروڈیوسر دنیش وجن کے اشتراک سے کام بھی شروع کردیا۔اگرچہ یہی دونوں فلم ساز ایک اور تھرلر فلم ’شوٹ دی پیانو پلیئر‘ بنانے کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں، تاہم یہ ’بدلاپور‘ بھی بنانے کی منصوبہ بندی بنا چکے ہیں۔فلم ساز سری رام راگھون کے قریبی ذرائع کے مطابق انہوں نے پروڈیوسر دنیش وجن کو ’بدلاپور‘ کے سیکوئل اور فلم ’شوٹ دی پیانو پلیئر‘ کے نام تجویز کرتے ہوئے پیش کش کی ہے کہ وہ اپنی پسند کی پہلی فلم بتائیں، جس پر سب سے پہلے کام شروع کیا جائے۔ذرائع کے مطابق پروڈیوسر دنیش وجن ’شوٹ دی پیانو پلیئر‘ کے بجائے ’بدلاپور‘ کے سیکوئل کو پہلے بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ فلم کے سیکوئل میں اگرچہ کہانی کو تبدیل کیا جائے گا، تاہم مرکزی کردار میں ورون دھون ہی نظر آئیں گے۔اس حوالے سے جب فلم کے ہدایت کار سری رام راگھون سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس حوالے سے کچھ بھی کہنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’بدلا پور‘ کے سیکوئل سے بات کرنا قبل از وقت ہے۔خیال رہے کہ ’شوٹ دی پیانو پلیئر‘ کی مرکزی کاسٹ کے حوالے سے ایوشمن کھرانہ، رادھیکا آپٹے اور اداکارہ تبو کو بھی فائنل کیے جانے کی خبریں ہیں۔’بدلاپور‘ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں ورون دھون کے علاوہ نوازالدین صدیقی، یمی گوتم، رادھیکا آپٹے،ذاکر حسین، مرلی شرما اور ہما قریشی بھی شامل تھے۔ورون دھون نے فلم میں ایک ایسے شوہر اور والد کے کردار میں نظر آئے تھے، جن کی بیوی اور بچے کو بینک ڈکیتی کے دوران قتل کیا جاتا ہے، اور وہ ان کے قتل کا بدلا لینے کے لیے وحشی بن جاتے ہیں۔