وکلا کی ہڑتال ٗشریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 15 فروری تک ملتوی

 
0
356

اسلام آباد فروری 13(ٹی این ایس) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث ملتوی کردی گئی۔ منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر 3 ریفرنسز کی مختصر سماعت کے بعد وکلا کی ہڑتال کے باعث سماعت 15 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔سماعت شروع ہوئی تو فاضل جج نے استفسار کیا کہ گواہ آئے ہیں جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ سارے گواہاں موجود ہیں، وکیل صفائی ہر تاریخ پر کوئی نہ کوئی بہانہ بنا دیتے ہیں۔اس موقع پر مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی وفات پر سوگ کے اعلان کو بہانہ تو نہ کہیں جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ بار بار گواہوں کا آنا مشکل ہوتا ہے، ہر تاریخ پر گواہ اپنا کام چھوڑ کر آتے ہیں۔

سماعت کے دوران دو ضمنی ریفرنسز دائر کرنے میں مسلسل تاخیر پر احتساب عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور جج محمد بشیر نے کہا کہ نیب ضمنی ریفرنسز پر متعدد بار التواء مانگ چکی ہے، ڈی جی نیب واضح کریں ضمنی ریفرنسز تاحال کیوں دائر نہیں کئے جاسکے۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون ظافر خان ترین نے کہا کہ ضمنی ریفرنسز میں تاخیر کی ذمہ دار نیب ہے جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف 2 نئے ضمنی ریفرنسز تیار ہیں جو جلد دائر کردیں گے۔عدالت نے فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ضمنی ریفرنسز میں تاخیر پر وضاحت طلب کرتے ہوئے ڈی جی نیب کو نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے استغاثہ کے 4 گواہوں کو طلب کیا تھا جن کے بیانات قلمبند نہ ہوسکے جبکہ عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد سماعت 15 فروری تک کے لئے ملتوی کردی۔سماعت کے دور ان سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے،گزشتہ سماعت پر نواز شریف کی تقریروں اور قوم سے خطاب کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ پاکستان بار کونسل نے عاصمہ جہانگیر کی وفات پر یوم سوگ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وکلا عدالتو میں پیش نہیں ہوئے۔علاوہ ازیں عدالت نے وڈیو لِنک کے ذریعے غیر ملکی گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے 22 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔