اتفاق کیا گیا کہ خالد مقبول جسے چاہیں گے وہ سینیٹ میں ایم کیو ایم کا امیدوار ہوگا، کنور نوید

 
0
330

کراچی، فروری 14 (ٹی این ایس):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بہادر آباد میں ہوا جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خالد مقبول صدیقی جسے چاہیں گے وہ سینیٹ میں ایم کیو ایم کا امیدوار ہوگا۔

بہادرآباد میں رابطہ کمیٹی کی قانونی مشاورت کے بعد ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی جسے چاہیں گے وہ سینیٹ میں ایم کیوایم پاکستان کا امیدوار ہوگا جبکہ دیگر امیدواروں کو الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر دستبردار کرالیا جائیگا۔

کنور نوید جمیل نے یہ بھی کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ اور کنوینر اب خالد مقبول صدیقی ہیں جبکہ پتنگ کا نشان اور ایم کیو ایم کا نام خالد مقبول صدیقی کومنتقل ہوچکا۔

انہوں نے کہا کہ امیدوار کو دستبردار کرانے کا اختیار سربراہ کے پاس ہے، پہلے بھی فاروق بھائی کو پیشکش کی تھی کہ امیدواروں کو دستبردار کراسکتے ہیں، اب بھی فاروق ستار کے پاس پیشکش موجود ہے۔