دہری شہریت از خود نوٹس کیس: ایک ہفتے میں حتمی رپورٹ طلب

 
0
323

اسلام آباد، فروری 14 (ٹی این ایس):: سپریم کورٹ نے دہری شہریت از خود نوٹس کیس میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو عبوری رپورٹ پیش کرنے پر بدھ کو طلب کر لیا۔ صوبائی حکومتوں، اٹارنی جنرل اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرل آفسز سے ایک ہفتے میں دُہری شہریت کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔

دہری شہریت از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ، فیڈرل شریعت کورٹ، بلوچستان اور پشاور ہائیکورٹس کے تمام ججز کلیئر ہو گئے۔ اعلیٰ عدلیہ کے 2 ججز اور ماتحت عدلیہ کے 4 ججز کی دہری شہریت کا انکشاف ہوا ہے۔ عدالت نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے عبوری رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور بدھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے دہری شہریت کے حامل افسران کے حوالےسے عبوری رپورٹ پیش کی تو چیف جسٹس نے کہا کہ عبوری رپورٹ کا کیا جواز ہے حالانکہ مناسب وقت دیا گیا تھا، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ حکم عدولی پر بدھ کو پیش ہو کر وضاحت کریں۔ عبوری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 وفاقی افسران کی دہری شہریت ہے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن اور سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کریم خان آغا دہری شہریت رکھتے ہیں۔ پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے جج اشفاق رانا اور فرخندہ اشرف، سندھ کے راشد اسد اور کے پی کے جج فروغ عطاء اللہ خان کی بھی دہری شہریت ہے۔