مقبوضہ کشمیر : عدالت نے پلوامہ سے گرفتار کیے گئے پانچ کشمیری این آئی اے کی تحویل میں دیدئیے

 
0
334

جموں فروری 17(ٹی این ایس): بھارتی تحقیقاتی ادارے ’نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی‘نے بھارتی پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے ضلع پلوامہ کے پانچ رہائشی اپنی تحویل میں لیے ہیں۔ ان پر ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر سے ایک قیدی کو فرار میں مدد فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک خصوصی عدالت نے شکیل احمد بٹ، ٹکا خان ، سید تجمل الاسلام، محمد شفیع وانی اور جان محمد گنائی کو سات روزہ ریمانڈ پر این آئی اے کے حوالے کیا ہے۔ نوید جٹ نامی قیدی جسے 2014میں ضلع کولگام سے گرفتار کیا گیا تھا ،6فروری کو اپنے ہمراہ پولیس ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے دوران ہسپتال سے بھاگ گیا تھا ۔ نوید کو طبی معائنے کے لیے سینٹرل جیل سرینگر سے ہسپتال لایا گیا تھا۔حملے میں دو پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔