ایم کیو ایم کے منتخب ارکان کو نہ ماضی میں اور نہ آج دنیا کی کوئی لالچ خرید سکی ہے ،عبدالرؤف صدیقی 

 
0
291

منتخب ارکان پر ووٹ ڈالتے وقت ضمیر، خاندان اور حق پرست عوام کابوجھ ہوگا ،سابق صوبائی وزیر داخلہ سندھ
کراچی فروری 20(ٹی این ایس)سابق وزیرِ داخلہ و صنعت وتجارت، سندھ اور رکنِ سندھ اسمبلی و رکنِ رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم رؤف صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا یہ احسان ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے منتخب اراکین کو نہ ماضی میں اور نہ آج دنیا کی کوئی لالچ خرید سکی ہے اور نہ انشاء اللہ خرید سکتی ہے۔ پورا پاکستان ہمیشہ سے جانتا ہے کہ ایم کیو ایم کے منتخب نمائندے کبھی بھی برائے فروخت نہیں رہے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی نہیں ہوں گے۔سینیٹ کی چاروں سیٹیں حق پرست عوام کی امانت ہیں ،اراکینِ اسمبلی ایم کیو ایم نامزد سینیٹ کے ٹکٹ ہولڈرز امیدواروں کو ووٹ ڈال کر یہ حق ادا کریں گے۔۔۔انشاء اللہ۔رؤف صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے منتخب اراکین خواہ کہیں بھی ہوں، وہ ایم کیو ایم کے نامزدٹکٹ ہولڈرز کو ہی ووٹ ڈالیں گے۔یہ اطلاعات ضرور ہیں کہ مختلف سیاسی جماعتیں اور پیسے والے ایم کیو ایم کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اُٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، رابطہ کمیٹی اس تمام صورتحال سے باخبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب اراکین پر ووٹ ڈالتے وقت تین بوجھ اُن کے سامنے ہوں گے، ایک ضمیر کا، دوسرا خاندان کا اور تیسرا حق پرست عوام کا ۔