سفارت خانے کی قدس منتقلی کا فیصلہ واپس نہیں لیں گے،فلسطین کو امریکی دھمکی

 
0
352

xنیویارک فروری21(ٹی این ایس)اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نِکی ہیلی نے سلامتی کونسل میں اپنے بیان کے دوران فلسطینی قیادت کے لیے سخت الفاظ کا استعمال کیا۔ ہیلی نے فلسطینی سینئر مذاکرات کار صائب عریقات کی جانب سے چند روز پہلے کیے گئے مطالبے کے جواب میں کہا کہ وہ شٹ اَپ کال پر عمل نہیں کریں گی اور اپنی گفتگو جاری رکھیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نکی ہیلی نے دھمکی آمیز لہجے میں واضح کیا کہ امریکی سفارت خانے کو بیت المقدس منتقل کرنے سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فیصلہ کسی صورت تبدیل نہیں ہو گا۔امریکی سفیر اپنے بیان سے پہلے ہی چراغ پا ہو چکی تھیں کیوں کہ فلسطینی صدر محمود عباس اپنا بیان مکمل کرنے کے بعد نکی ہیلی کے بیان کو نظر انداز کرتے ہوئے سلامتی کونسل کے اجلاس سے کوچ کر گئے تھے۔ ہیلی نے عباس کے اس اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ الزام عائد کرنے کی کوشش کی کہ فسلطینی صدر مکالمے کی قدرت نہیں رکھتے ہیں۔امریکی سفیر نے فلسطینی صدر کو اس طرح مخاطب کیا گویا کہ وہ اجلاس کے ہال میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کا خیر مقدم کرتی ہوں۔ تاہم میں آپ کے سینئر مذاکرات کار عریقات کی حال ہی میں اپنے لیے نصیحت کو کسی خاطر میں نہیں لاؤں گی۔ میں اپنا منہ بند نہیں کروں گی اور گفتگو جاری رکھوں گی۔ ہیلی نے مزید کہا کہ امریکی مذاکرات کار اس وقت میرے پیچھے بیٹھے ہیں اور وہ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ جنابِ صدر اب اختیار آپ کے پاس ہے۔