(ن) لیگ بیورو کریسی کے ذریعے بغاوت کی سازش کر رہی ہے،نواز اور شہباز اپنی ذات کیلئے ملکی سلامتی داؤ پر لگانے کے درپے ہیں‘ پیپلز پارٹی 

 
0
347

لاہور فروری 23(ٹی این ایس) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ بیورو کریسی کے ذریعے بغاوت کی سازش کر رہی ہے،نواز شریف اور شہباز شریف اپنی ذات کیلئے ملکی سلامتی داؤ پر لگانے کے درپے ہیں،پنجاب کے حکمران اور بیورو کریسی آسمان سے نہیں اتری جو ان کا احتساب نہیں ہو سکتا،اگر شہباز شریف ملوث نہیں تو نیب کو تحقیقات سے کیوں روکا جا رہا ہے، چیف جسٹس پنجاب میں کام کرنے سے انکار کرنے والے بیوروکریٹس کے خلاف ازخود نوٹس لیں ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، مصطفی نواز کھوکھر اور شوکت بسرا نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ قمر زمان کائرہ نے پنجاب کے حکمرانوں اور (ن) لیگ کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے سیاستدان اور بیوروکریٹ گرفتار ہو سکتے ہیں تو پنجاب کے کیوں نہیں، پنجاب کے حکمران اور بیوروکریسی آسمان سے نہیں اتری جو ان کا احتساب نہیں ہو سکتا، ایک افسر کی گرفتاری پر ہنگامہ آرائی کا مطلب ہے کہ شہباز شریف اور ان کا خاندان کرپشن میں ملوث ہے ،اگر شہباز شریف ملوث نہیں تو نیب کو تحقیقات سے کیوں روکا جا رہا ہے،حکومت کو فرض ہے کہ جو بیوروکریٹ کام چھوڑے اسے برطرف کر دے، اگر حکومت بیوروکریٹس کو کام چھوڑنے کیلئے اکسا رہی ہے تو یہ بغاوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ پہلے فوج اور عدالت پر دباؤ ڈالتی رہی اب نیب پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ (ن) لیگ بیورو کریسی کے ذریعے بغاوت کی سازش کر رہی ہے، نواز اور شہباز اپنی ذات کیلئے ملکی سلامتی داؤ پر لگانے کے درپے ہیں۔نواز شریف الطاف حسین کی راہ پر چل پڑے ہیں، ان کا انجام بھی الطاف حسین سے مختلف نہیں ہوگا،(ن)لیگ بھی ایم کیو ایم کی طرح ضیا الحق نے پی پی پی کے خلاف بنائی، ایک لندن اور پاکستان میں تقسیم کے بعد گلی محلے تک تقسیم ہو چکی، دوسری کا یہی حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بیوروکریٹ کی گرفتاری پر (ن) لیگ کا اتنا بڑا رد عمل خود کرپشن کا سب سے بڑا اعتراف ہے، احد چیمہ شہباز شریف کے چہیتے افسر ہیں، جسے دوسرے لفظوں میں فرنٹ مین کہا جاتا ہے، شہباز شریف کو ڈر ہے کہ اگر احد چیمہ سے سچ اگل لیا تو پھر کھربوں کی کرپشن بے نقاب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ملکی سلامتی سے کھیلنا بند کرے، سیاست کرنی ہے تو قانون و آئین کے دائرے میں رہ کر کرے، انتظامیہ کو دوسرے ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانہ ملکی سلامتی پر وار ہے۔ شوکت بسرا نے کہا کہ تخت رائیونڈ اپنی کرپشن کی لوٹی ہوئی دولت بچانے کی آخری جنگ لڑ رہا ہے، شہباز شریف احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی کو کام روکنے پر اکسا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حاکم ذاتی مفاد کی خاطر ریاستی اداروں میں تصادم کروائے وہ ملک کا وفادار نہیں ہو سکتا،نواز اور شہباز شریف ملکی قانون کے خلاف بغاوت پر اتر آئے ہیں، چیف جسٹس پنجاب میں کام کرنے سے انکار کرنے والے بیوروکریٹس کے خلاف ازخود نوٹس لیں ۔ ریاستی مشنری مفلوج ہو گئی تو ملک میں بڑا بحران پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری سے ایسا کیا ہوا گیا کہ پنجاب کے حکمرانوں کا بچہ بچہ چیخ اٹھا ہے، نواز اور شہباز کرپشن کا اعتراف کریں اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں ان کے پاس اور کوئی راستہ نہیں،اداروں سے تصادم کی پالیسی سے (ن) لیگ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔