نواز شریف کو لگائے جانے والے پلیٹ لیٹس بیماری کے باعث ضائع ہوگئے

 
0
271

اسلام آباد اکتوبر 24 (ٹی این ایس): نواز شریف کو لگائے جانے والے پلیٹ لیٹس بیماری کے باعث ضائع ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو جو ادویات دی جارہی ہیں ان کے جلد مثبت اثرات سامنے آنے کی امید ہے جبکہ سابق وزیراعظم کی ٹیسٹ رپورٹس بھی بیرون ملک ماہرین کو بھجوا دی گئی ہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے علاج سے مطمئن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی عیادت کی اور ان تک وزیراعظم عمران خان کا پیغام بھی پہنچایا۔ صوبائی وزیر صحت نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی عیادت کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ایم ایل (ن) کے قائد نے ان سے خود کہا ہے کہ وہ اپنے علاج سے مطمئن ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جب اسپتال آئے تھے تو اس وقت ان کے پلیٹس لیٹس کی تعداد دس ہزار تھی لیکن جب ٹیسٹ ہوا تو ان کی تعداد دو ہزار رہ گئی تھی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے سوال کیا کہ سابق وزیراعظم کے خون میں پلیٹس لیٹس کی تعداد میں کمی کیوں واقع ہوئی؟ اس کی وجوہات ڈھونڈنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں رپورٹس آجائیں گی تو وجوہات سامنے آجائیں گی۔خیال رہے کہ ن لیگ کے تاحیات قائد کا تین روز سے سروسز اسپتال میں علاج جاری ہے، میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے نواز شریف کو آئی ٹی پی یعنی امیون تھرمبو سائیٹوپینیا مرض کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کا علاج پاکستان میں ہی موجود ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر ایاز محمود کے مطابق ن لیگی قائد کو شیو اور دانت برش کرنے سے روک دیا ہے، انہیں پی کے ایل آئی لے کر جانے کا پروگرام بھی منسوخ کردیا گیا،، تاہم پی ای ٹی اسکین کی تجویز زیر غور ہےجس کا حتمی فیصلہ طبیعت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادویات کے نتائج چار سے پانچ روز میں مثبت آئیں گے۔