وزیراعظم نے عدالت کی جانب سے اجازت دینے کی صورت میں نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی حامی بھر لی

 
0
241

اسلام آباد اکتوبر 24 (ٹی این ایس): وزیراعظم نے عدالت کی جانب سے اجازت دینے کی صورت میں نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی حامی بھر لی، سابق وزیراعظم کا علاج پاکستان میں ہی ممکن ہے، انہیں یہیں علاج کی ہر ممکن اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاہم عدالت کی جانب سے انہیں بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ کرنے کی صورت میں حکومت کوئی اعتراض نہیں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی ضرورت ہوئی، اور اگر عدالت انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دیتی ہے، تو ایسے میں حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے وزراء اور پارٹی ترجمانوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کسی قسم کی بیان بازی نہ کی جائے۔
جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا علاج پاکستان میں ہی ممکن ہے۔ انہیں پاکستان میں ہی بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تاہم پھر بھی انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی ضرورت ہوئی اور عدالت نے انہیں اجازت دے دی، تو حکومت ان کیلئے کوئی مشکل پیدا نہیں کرے گی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کی سزا معطلی کیلئے شہبازشریف کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
خواجہ وکیل حارث نے اعتراضات پرکہا کہ سزا معطلی کیلئے کوئی بھی درخواست دائرکرسکتا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کا علاج کرنے والی ٹیم کے ایک ڈاکٹر نئی میڈیکل رپورٹ کے ساتھ پیش ہوں۔ عدالت نے تحریری طور احکامات جاری کیے کہ شہباز شریف کے متاثرہ فریق ہونے کا فیصلہ جوڈیشل سائیڈ پر کیا جائے گا۔ رجسٹرار درخواست پراعتراضات ختم کرکے کل سماعت کیلئے مقرر کرے۔
جس پرعدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ شہبازشریف کی استدعا پر کل درخواست سماعت کے لیے مقرر کی جاتی ہے۔ خواجہ حارث کے آگاہ کرنے پر نوازشریف کی بیماری کی نوعیت کے باعث کل کیس کی سماعت ہوگی۔ عدالت نے حکم دیا کہ چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کل تک جواب جمع کرائیں۔ فریقین کو ٹیلی فون یا دیگر ذرائع سے عدالتی حکم سے متعلق آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے جاری کیا۔ یاد رہے کہ پیر کو نواز شریف کی صحت اچانک خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی گئی تھیں۔