احد چیمہ کی گرفتاری سے آنیوالے زلزلے سے نام نہاد شفافیت ،دیانتداری کی عمارت لرزرہی ہے‘ تحریک انصاف

 
0
465

حکمران ریاستی اداروں کو بے توقیر کر رہے ہیں ،ملک کیلئے انتہائی منفی نتائج برآمد ہونگے‘ مسرت چیمہ کی وفد سے گفتگو
لاہور فروری 24(ٹی این ایس)تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد آنے والے زلزلے سے پنجاب کے حکمرانوں کی نام نہاد شفافیت اور دیانتداری کی عمارت لرزنے لگی ہے ،ایک بیورو کریٹ کی گرفتاری کے بعد حکومت کی صفوں میں پیدا ہونے والی ہلچل سے ثابت ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے ۔ این اے 124کے پارٹی دفتر میں حلقے کی خواتین کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان کی جانب سے چور مچائے شور کے مصداق بیانییے کا مقصد صرف اپنی سیاسی ساکھ بچانا ہے لیکن عوا م اسے مسترد کر چکے ہیں اور عام انتخابات میں بھی نتیجہ اس سے یکسر مختلف نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد حکومت کی جانب سے جس طرح مزاحمت کی جارہی ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ حکمران ریاستی اداروں کو بے توقیر کر رہے ہیں جس کے ملک کیلئے انتہائی منفی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ایک بیورو کریٹ کی گرفتاری کے بعدپنجاب حکومت کے کیمپ میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے شرافت و دیانت کی عمارت لرزنے لگی ہے ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ بیورو کریسی کے افسران ریاست کے ملازم ہیں جو عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ اور مراعات لیتے ہیں انہیں کسی خاندان کو جوابدہ نہیں ہونا چاہیے۔