اسلام آباد مارچ 07 (ٹی این ایس): تحریک انصاف نے بیوروکریسی میں سیاسی مداخلت کا تاثر یکسر مسترد کردیا ۔تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر چیمہ نے کہا ہے کہ ہم نے مرکز اور پنجاب میں حکومت سنبھالنے کے بعد انتقامی کارروائی کے تحت بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ نہیں کی،نوکر شاہی کی اصلاح تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ ہے، سول سروسز کا ڈھانچہ بہتر بنائے بغیر پاکستان کو درپیش انتظامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے نوکر شاہی کو سیاست سے پاک کرنے کا نظریہ دیا۔خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی پہلی حکومت نے پولیس اور بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا۔وزیراعظم کی قیادت میں پنجاب اور مرکز میں بھی بیوروکریسی کو سیاست سے پاک کرنے کا عمل جاری ہے،سرکاری افسران کی تقرریوں و تبادلوں کو کارکردگی سے جوڑا جارہا ہے۔پوری دنیا میں افسران کو مہارت، تجربے، قابلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔سیاسی حکومتیں اپنے ایجنڈے کے نفاذ کیلئے بیوروکریسی پر انحصار کرتی ہیں،موجودہ نظام کے تحت حکومتی فیصلوں کے نفاذ کے حوالے سے سیاسی نمائندوں کا اختیار نہایت محدود ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزرا اور بیوروکریسی کے اختیارات میں منطقی توازن قائم کئے بغیر حکومت ناممکن ہے،سول سروسز ریفارمز کے حوالے سے مکمل یکسو اور متحرک ہیں، تحریک انصاف مرکز اور پنجاب میں بیوروکریسی کو سیاست سے پاک کرنے کا ہدف حاصل کرے گی۔