برطانوی شہر لیسٹر میں زور دار دھماکے، دو عمارتیں مکمل طور پر تباہ، واقع کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے

 
0
335

لندن، فروری 26 (ٹی این ایس): برطانوی شہر لیسٹر میں زور دار دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد شہر میں ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کردیا گیا۔

برطانوی پولیس کے مطابق انہیں برطانوی شہر لیسٹر میں زور دار دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد تمام ایمرجنسی سروسز کو متحرک کردیا گیا ہے اور واقعے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔

پولیس نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں دو عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ آخری اطلاعات تک فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس دھماکے کو ایک بڑے واقعے کے طور پر دیکھ رہی ہے تاہم فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے زور دار دھماکے کی آواز سنی جس کے بعد دو عمارتوں میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دیے۔

آخری اطلاعات تک اس دھماکے کے نتیجے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے جبکہ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث بھی ہوسکتا ہے۔