طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج

 
0
613

اسلام آباد، فروری 26 (ٹی این ایس):  رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی۔

اس سے قبل 19 فروری کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں طلال چوہدری کی دس روز کی مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پیر (26 فروری) تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

انیس فروری کو سپریم کورٹ میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران طلال چوہدری اپنے وکیل کامران مرتضیٰ کے ہمراہ پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ طلال چوہدری نے پہلے عاصمہ جہانگیر کو وکیل مقرر کیا، ان کے انتقال کے بعد مجھے وکیل کیا ہے۔ مجھے جواب دینے کیلئے وقت چاہیے، جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ یہ موقف تو گزشتہ سماعت پر اپنایا گیا تھا۔دوران سماعت وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ انہیں نوٹس کی کاپی وصول نہیں ہوئی، جس پر جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ ‘کیس کی تیسری سماعت ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ کونوٹس ہی نہ ملا ہو۔

سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے کامران مرتضیٰ کو تیاری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے طلال چوہدری کو بھی اپنا جواب پیر کو جمع کرانے کی ہدایت کی، بعدازاں کیس کی سماعت چھبیس فروری تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ طلال چوہدری نے گذشتہ ماہ جڑانوالہ کے جلسے میں مبینہ طور پر ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔ وہ اس سے قبل بھی پاناما کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی اثاثوں کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اور عدلیہ کو نشانہ بناچکے ہیں