عراق ،داعش سے تعلق کے الزام پر 15 ترک خواتین کو موت کی سزا

 
0
475

دمشق ,فروری 26(ٹی این ایس):عراق میں ایک عدالت نے کم از کم 15 ترک خواتین کو شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے کے جرم میں پھانسی کی سزا سنا دی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پھانسی کی سزا 16 خواتین کو سنائی گئی ہے جبکہ ایک کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے۔ان خواتین نے تسلیم کیا تھا کہ انھوں نے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں سے شادیاں کی اور انھیں انتظامی مدد اور دہشت گرد حملے کرنے میں مدد دی۔واضح رہے کہ عراق اور شام میں کئی ہزار غیر ملکی باشندوں نے دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیار کی اور ان کے لیے جنگ میں حصہ لیا۔سزا پانے والی خواتین کی عمریں 20 سے 50 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں اور بغداد کی عدالت میں انھوں نے کالے کپڑوں میں پیشی دی۔ ان میں سے چار خواتین کے ساتھ ان کے بچے بھی تھے۔ایک خاتون نے جج کو بتایا کہ اس نے شدت پسندوں کے شانہ بشانہ عراقی فوج کے ساتھ لڑائی کی تھی۔انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے عدالتی کاروائی پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ یہ مقدمات انصاف کے تقاضوں پر پورے نہیں اترتے۔دوسری جانب سزا یافتہ خواتین کے وکلا کہتے ہیں کہ ان خواتین کو جھانسہ دلا کر دولت اسلامیہ کے زیر انتظام علاقوں میں لے جایا گیا تھا۔سزا یافتہ خواتین کے پاس اپیل کرنے کے لیے ایک ماہ کی مدت ہے۔یاد رہے کہ عراقی قوانین کے تحت دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے کی سزا موت ہے۔