حکومت کے منصوبے شفافیت، رفتار اور اعلیٰ معیار کی خود گواہی دے رہے ہیں:شہباز شریف 

 
0
294

لاہور، فروری 26 (ٹی این ایس):وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے منصوبے شفافیت، رفتار اور اعلیٰ معیار کی خود گواہی دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے صوبائی وزیر شیخ علاؤالدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ساڑھے چار برس کے دوران حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث پاکستان میں کرپشن کنٹرول کرنے کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔ ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوا۔ ہماری حکومت نے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کیا ہے۔ اربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بچت کی نئی مثال قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے۔ جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت کے مشن کو جانفشانی سے پورا کرتے رہیں گے۔