کراچی میں ترقیاتی سفر کو جاری رکھنے کیلئے پرامن و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، میئرکراچی

 
0
285

کراچی، فروری 27 (ٹی این ایس): میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو اس وقت امن و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، ترقیاتی سفر کو جاری رکھنے کے لئے پرامن ماحول ضروری ہے، ماضی میں پارکس اور پلے گراؤنڈز کی بہتری پر توجہ دینے کے بجائے ان پر قبضے کئے گئے، کھیل کے میدان اور باغات شہریوں کی امانت ہیں لہٰذا کسی کو اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے منصوبوں کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرے، جامعہ کراچی میں پیغام امن کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد مستحسن قدم ہے،ولیکا گراؤنڈ کو بہتر بنانے کے لئے ہرممکن تعاون کریں گے۔
یہ بات انہوں نے جامعہ کراچی کے ولیکا گراؤنڈ پر منعقد کئے جانے والے پیغام امن کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جبکہ جامعہ کراچی کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور میئر کراچی کا پرجوش استقبال کیا، میئر کراچی وسیم اختر نے بیٹنگ اور بولنگ کرکے ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا، اس موقع پر فضا میں رنگ برنگ غبارے بھی چھوڑے گئے، انہوں نے ولیکا گراؤنڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ محکمے کو گراؤنڈ میں گھاس لگانے اور تماشائیوں کے لئے نشستوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔
میئر کراچی نے طلبا وطالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دینے کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، نوجوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں ہیں اور انہیں آگے چل کر اپنے شہر اور ملک کی خدمت کا فریضہ انجام دینا ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل پاکستانیوں میں بے حد مقبول ہے اور عوام کی بڑی تعداد کرکٹ مقابلوں کو ذوق و شوق کے ساتھ دیکھتی ہے اور ہر سطح پر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، کراچی کو کرکٹ کریزی شہر بھی کہا جاتا ہے اور کرکٹ کے حوالے سے زرخیز شہر کراچی نے دنیا کرکٹ کو کئی ورلڈ کلاس کھلاڑی دیئے ہیں جنہوں نے پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں اونچا کیا اور ملک و قوم کی نیک نامی کا باعث بنے، انہوں نے کہا کہ آج کے جونیئر اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی ہی کل کے سپر اسٹار ہوں گے بشرطیکہ ان نوجوانوں کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کھیلوں کی نرسری کہلانے والے اس شہر کی کرکٹ کے کھیل سے والہانہ محبت کی وجہ سے ہی پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ PSL کا فائنل کراچی میں کرانے کی پیشکش کی تھی اور ہمیں اس بات کی ازحد خوشی ہے کہ کرکٹ کے ارباب اختیار نے ملک کے سب سے بڑے شہر اور کمرشل حب کراچی کے اس جائز مطالبے کو تسلیم کیا اور 25 مارچ کو پورا شہر کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے PSL فائنل میں انٹرنیشنل سپر اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا منتظر ہے، امید ہے کہ یہ فائنل معرکہ انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ ثابت ہوگا اور کرکٹ کے شائقین اس مقابلے کو طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی مرکزی شہری ادارہ ہونے کے ناطے PSL فائنل کے انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے اور اس حوالے سے ہم سے جو بھی ہوسکا ضرور کریں گے ، انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی پاکستان کی صف اول تعلیمی درس گاہوں میں شامل ہے جس نے ہمیشہ ملک کو بہترین افرادی قوت دی ہے ، ہماری خواہش ہے کہ جامعہ کراچی کھیلوں کی نرسری بھی بن جائے اور یہاں کے طالب علم بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں کارنامے انجام دیں انہوں نے کہا کہ نوجوان قطعاً حالات سے مایوس نہ ہوں بلکہ مسلسل کوشش اور محنت جاری رکھیں، کامیابی کے لئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ، کسی بھی شعبے میں خود کو منوانے کے لئے تن من دھن کی بازی لگانا پڑتی ہے تبھی کامیابی قدم چومتی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کراچی میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ایک کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا اور اس کے دوران جامعہ کراچی کے طالب علموں کو اپنے صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔