ایران کے 4 رکنی وفد کا اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کا دورہ،خطہ میں انسدادِ منشیات سے متعلق امور اورباہمی تعاون پرتبادلہ خیال

 
0
327

دونوں ممالک کا برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور
راولپنڈی، فروری 27 (ٹی این ایس): پاکستان اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پیر کو ایران کے چار رکنی وفد نے اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا ۔ دورے کا مقصدخطہ میں انسدادِ منشیات سے متعلق امور اورباہمی تعاون پرتبادلہ خیال کرنا تھا۔ ملاقات کے دوران قانونی طریقہ کار اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ایرانی وفد کی قیادت اینٹی نارکوٹکس پولیس ایران کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل محمدمسعود ضبیطان نے جبکہ پاکستان کی جانب سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلال امتیاز (ملٹری ) نے قیادت کی۔ ایرانی وفد کے دیگر ممبران میں سربراہ اینٹی نارکوٹکس پولیس کے مشیر سید علی میر غدیری، اینٹی نارکوٹکس پولیس صوبہ سستان اور بلوچستان کے سربراہ محمد نصیری، پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست اور ایران کے پاکستان میں تعینات ڈرگ لیزان افسراومد سروری شامل تھے۔ اے این ایف کی جانب سے بین الاقوامی تعاون، قانون ، انٹیلی جنس اور نفاذ قانون کے شعبہ جات سے وابستہ افسران نے شرکت کی۔
وفد میں شامل عہدیداروں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیاجبکہ منشیات کی روک تھام کے لئے دونوں ممالک کے درمیان1999ء کی دستخط شدہ یادداشت کو صحیح معنوں میں نافذ العمل بنانا،انسداد منشیات کیلئے قائم کردہ باہمی و علاقائی نظام کو مزید مؤثر بنانے، خفیہ اطلاعات کے بروقت تبادلے اورمشترکہ کارروائیوں کے دوران درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی گئی۔ نیز تفتان سرحد پر رابطہ دفتر کے قیام اور مشترکہ منصوبہ بندی کے شعبہ کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کر نے پر بھی زور دیا گیا۔ دوران اجلاس انسداد منشیات کی روک تھام کیلئے مسلسل ملاقاتوں اور بات چیت کو جاری رکھنے اور طرفین کی جانب سے کئے گئے قابل تعریف اقدامات بھی زیر غور آئے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماضی قریب میں انسداد منشیات کے سلسلے میں دونوں ممالک کے تعاون کے نتیجہ میں منشیات اور ممنوعہ کیمیائی مواد کی سمگلنگ کے خلاف کامیاب مشترکہ کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ مزید برآں، ایرانی وفد کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس ڈی جی اے این ایف کے ایران کے دورے کے دوران ایرانی حکام کے ساتھ منشیات کی روک تھام کیلئے دستخط کی جانے والی تعاون کی دستاویز کو قومی سطح پر نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ ایرانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ منشیات سے متعلق امور پر باہمی تعاون کے لحاظ سے ایک سنگِ میل گردانا گیا ہے۔ ماضی میں بھی دونوں ممالک کے انسدادِ منشیات کے ادارے محکمانہ استعداد بڑھانے، منشیات رساں کتوں کی فراہمی، تکنیکی مہارت کے حصول اور منشیات سے متعلق نفاذِ قانون کی پیشہ ورانہ تربیت جیسے امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔