سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی سمیت 4 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے

 
0
439

اسلام آباد ،فروری 27 (ٹی این ایس):  وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی سمیت 4 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے،نیب نے دوروز قبل ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے خط لکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے کی قیمتی اراضی سستے داموں لیز پر دینے کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی، سابق چیئرمین ریلوے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سعید الظفر، سابق جی ایم ریلوے میجر جنرل ریٹائرڈ حامد حسن بٹ اور برگیڈیئر (ر) اختر علی کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے ہیں۔
خیال رہے نیب نے 2 روز قبل ہی ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزرات داخلہ کو مراسلہ بھیجا تھا جس میں کہا گیا کہ قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے میں ملوث ان افراد کو بیرون ملک فرار سے روکنے کے لیے ان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں۔ملزمان پر قومی خزانے کو 2 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہچانے کا الزام ہے۔
دوسری جانب ای سی ایل میں نام ڈالنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی نے رد عمل میں کہا کہ رائل پام کیس میں مذاکرات کیے نہ ڈیل اور نہ ہی معاہدے پر میرے دستخط ہیں۔