پاکستان کے ساتھ ماضی کو بھلا کر نئے باب کا آغاز چاہتے ہیں ٗافغان صدر کی طالبان کو مذاکرات کی پیشکش 

 
0
298

کابل فرور ی 28(ٹی این ایس)افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو امن مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن طالبان کے ہاتھ میں ہے ٗ پاکستان کے ساتھ ماضی کو بھلا کر نئے باب کا آغاز چاہتے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق کابل امن کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر اشرف غنی نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی پیشکش کی اور اس سلسلے میں انہیں کابل میں دفتر کھولنے کی بھی پیشکش کی ہے۔صدر اشرف غنی نے طالبان اور ان کے اہل خانہ کو ویزا اور پاسپورٹ کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طالبان رہنماؤں پر عائد پابندی ختم کرنے کے لئے کام کریں گے۔افغان صدرنے کہا کہ طالبان کے ساتھ امن عمل اور جنگ بندی پر اتفاق کیا جانا چاہیے، افغانستان کو محفوظ ملک بنانے کے لئے طالبان ہمارا ساتھ دیں۔صدر اشرف غنی کا کہناتھا کہ پاکستان سے بھی مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور ماضی کو بھلا کر نئے باب کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔افغان صدر نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے حکومتی سطح پر مذاکرات کرے جس کے لئے بہترین مقام کابل ہے ۔اس موقع پر اشرف غنی نے اعلان کیا کہ افغان حکومت طالبان رہنماؤں اور ان کے اہل خانہ کو پاسپورٹ جاری کرے گی اور ان کے اور ویزا کے لیے کابل میں ایک دفتر بھی کھولا جائے گا جبکہ ہم طالبان رہنماؤں کے خلاف عائد پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔