وزیر مملکت برائے  اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف پر 90کی دہائی سے الزامات لگتے آئے ہیں پر ایک روپے کی بھی کرپشن کا  کبھی الزام ثابت نہیں ہوا ہے۔

 
0
7916

اسلام آباد فروری 28 (ٹی این ایس): بدھ کو راولپنڈی آرٹس کونسل میں مسلم لیگ (ن)کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائدمحمدنوازشریف اور پارٹی صدرشہبازشریف کی قیادت میں کامیابی ہمارا مقدربنے گی۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایااقتصادی راہداری کا تحفہ دیا، ہمارا قائد جہاں بھی جاتا ہے عوام کا سمندر ان کا استقبال کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے لعنت بھیجنے والے ،گالم گلوچ اور تہذیب سے ماورا لاڈلے سے ہےتاہم  ہمارےقائد محمد نواز شریف  نے کارکنوں کو صبر اور تحمل کا درس دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف عوام کے ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انھوں نےجمہوریت کے تحفظ کی جنگ لڑنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف نے جب بھی اقتدارسنبھالا ملک میں ترقی کے ریکارڈ قائم ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت 100ارب لگا کر بھی میٹرو کا منصوبہ نہیں بنا سکتی جبکہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں بنی گالہ گھر کا جعلی این او سی جمع کرایا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں مثالی کام کیاہے۔پنجاب کے ہر ضلع میں ہسپتال اور تعلیمی ادارے بنائے جا رہے ہیں،شہباز شریف نے پنجاب کو ملک کا مثالی صوبہ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ن لیگ کے پلیٹ فارم پر پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل کرنے کیلئے جدوجہدجاری رکھی جائے گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ 11مارچ کو سوشل میڈیا کنونشن میں مریم نواز کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔