اینٹی نارکوٹیکس فورس مانسہرہ کی بڑی کاروائی،کروڑں روپے مالیت کا سلفیورک ایسڈ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

 
0
1274

  سلفیورک ایسڈ سینیٹرطلحہٰ محمود کی فیکٹری مانسہرہ سے سکردوسمگل کیا جا رہا تھا،اے این ایف زرائع

مانسہرہ مارچ 1(ٹی این ایس)اینٹی نارکوٹیکس فورس(اے این ایف )مانسہرہ نے سینیٹرطلحہٰ محمود کی فیکٹری سے سکردوسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے مالیتی 30ہزار لیٹر سلفیورک ایسڈ قبضے میں لے کر دو ملزمان کو گرفتارکرلیاہے۔جبکہ فیکٹری کو بھی سیل کرکے تحقیقات کا دائرہ کاروسیع کردیاہے۔دوسری طرف کئی اہم شخصیات بھی معاملہ کودبانے کے لئے میدان میں کودپڑے ہیں۔

بتایاگیاہے کہ سلفیورک ایسڈ ہیروئن اوردیگرنشہ آورادویات کی تیاری میں استعمال کیاجاتاہے۔معلوم ہواہے کہ گزشتہ روز اے این ایف ہزارہ ریجن کے انچارج انسپکٹر سہیل عمرگوندل اورٹیم نے کوٹلی پائن کے قریب ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک مزداگاڑی نمبر491ٹی اے بی کو روکااورتلاشی لی تواس میں سے سلفیورک ایسڈ سے بھرے ڈرم برآمد ہوئے۔جس پر مزداڈرائیوراوراس کے ساتھی دوافراد نصیراورعادل کو گرفتارکرلیاگیا۔

ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیاکہ یہ ’’مال‘‘ سینیٹر طلحہٰ محمود کی فیکٹری واقع مانسہرہ سے لوڈ کیاگیاتھااورسکردوپہنچایاجاناتھا۔سکردو میں ان کے ساتھی حسین اورعباسی نامی افراد کو یہ ’’مال‘‘ پہنچاناتھا۔دونوں گرفتارملزمان کاتعلق مانسہرہ سے بتایاجاتاہے جنہو ں نے دوران تفتیش یہ بھی انکشاف کیاہے کہ قبل ازیں بھی وہ یہ ممنوعہ ایسڈ سپلائی کرتے رہے ہیں۔اے این ایف ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کی نشاندہی پر مجموعی طورپر30ہزارلیٹرسلفیورک ایسڈ قبضے میں لے لیاگیاہے جس کی مالیت 22کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا دائرہ کاروسیع کردیاگیاہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ایسڈ ہیروئن اورآئی سی ایس نشہ کی تیاری میں استعمال کیاجاتاہے اورزیادہ تربھارت اورافغانستان سے تیارہوکرپاکستان لایاجاتاہے۔ذرائع کایہ بھی کہناہے کہ اس معاملے پر پردہ ڈالنے کے لئے کئی اہم شخصیات حرکت میں آگئے ہیں ۔’’ٹی این ایس‘‘ نے جمعیت علماء اسلام کے سینیٹرطلحہٰ محمود سے ان کے موبائل فون پر رابطہ کرکے موقف جاننے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔