پاک چائنا فرینڈ شپ زندہ بادسائیکل ریس کل ہوگی، انتظامات مکمل

 
0
365

کراچی مارچ 9(ٹی این ایس)پاکستان اور چائنا کی بے مثال اور لازوال دوستی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 11مارچ بروز اتوار ’’میجر عشرت خان انویٹیشن پاک چائنا فرینڈ شپ زندہ بادسائیکل ریس‘‘ کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ یہ بات آج سند ھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اور ریس کے چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان نے بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سائیکل ریس ٹھیک صبح 8بجے اسٹار گیٹ شاہراہ فیصل سے شروع ہوگی اور ملیر ، لانڈھی، نیشنل ہائی وئے ، ملیر جیل، رزاق آباد، اسٹیل ٹاؤن اور گھگھر پھاٹک سے ہوتے ہوئے دھابے جی جائے گی اور واپس اسی راستے سے ہوتی ہوئی منزل پیٹرول پمپ مین نیشنل ہائی وئے لانڈھی میں ختم ہوگی۔ 100سے زائد سائیکلسٹوں پر مشتمل ریس کے پر شفاف نتائج کے لئے انٹرنیشنل سائیکلسٹ شاہجہاں بلوچ کو چیف جج اور محمد اکرم بلوچ کو چیف آفیشل مقرر کیا گیا ہے۔دیگر ججز میں جمعہ خان بلوچ، لیاقت بلوچ، خان محمد بلوچ، سہیل بلوچ ،نبی بخش بلوچ ، محمد شاہد ، ملک نعیم اعوان ، محمد احمر اور عرفان حنیف شامل ہیں۔ ریس کے پر امن انعقاد اور سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کے لئے ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور کراچی ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کئیے ہیں۔ ریس میں ابتدائی چھ پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹ سندھ گیمز اور پشاور میں ہونے والے بین الصوبائی گیمز میں بھی شریک ہونگے۔