کراچی مارچ 9(ٹی این ایس)دورانِ پرواز کاک پٹ میں سگریٹ نوشی کرنے والے کپتانوں کی شامت آگئی،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 16سال بعد حکومتی آرڈیننس پر عمل کرتے ہوئے دوران پرواز کاک پٹ میں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ کیپٹن عارف مجید کے زیر دستخط آرڈر کے ذریعے سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سگریٹ نوشی کے عادی کپتانوں کے لیے آٹھ گھنٹے سے زائد پرواز کرنا دشوار ہوجائے گا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ خط کے مطابق دوران پرواز سگریٹ نوشی سیفٹی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔دورانِ پرواز کوئی بھی کاک پٹ عملہ سگریٹ نوشی میں ملوث پایا گیا تو اس کا لائسنس تین ماہ کیلئے معطل کردیا جائے گا جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسری غلطی پر کاک پٹ عملے کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ خط کے مطابق کارروائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ آرڈیننس 2002کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔بین الاقوامی سیفٹی ایجنسی سافا کی جانب سے متعدد بار رپورٹ کی گئی ہے کہ دوران پرواز پاکستانی پائلٹ سگریٹ نوشی کے مرتکب ہوتے ہیں جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی پی آئی اے کے کپتانوں کی جانب سے سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی معمول کی بات ہے رواں سال کے اوائل میں بین الاقوامی مانیٹرنگ ایجنسی نے برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورت پر پی آئی اے کی 28 پروازوں کی لینڈنگ کو خلاف قانون رجسٹرڈ کیا ہے۔ مجموعی طور پر 40 پروازوں نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی جن میں سے 28 نے غلطی کی۔گزشتہ سال پی آئی اے کی پرواز852میں جہاز کے کپتان نے ایک غیر ملکی خاتون کو خلاف قانون کاک پٹ میں بٹھا لیاتھا، مذکورہ لڑکی جہاز کے ٹیک آف سے لے کر لینڈنگ تک کاک پٹ میں ہی رہی۔ بعد ازاں مذکورہ کپتان کے خلاف پی آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی نے ضابطے کے مطابق کارروائی انجام دی ۔