اسلام آباد،مارچ 13 (ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات ، دوطرفہ تجارت ، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات سمیت باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
وہ پیر کے روز اسلام آباد میں ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف کے ساتھ باتیں کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2021ء تک دوطرفہ تجارت کا پانچ ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کیلئے دونوں فریقوں کو مکمل سنجیدگی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی اقتصادی استحکام سے مستفید ہونے کیلئے روابط کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پائپ لائن کے ڈھانچے کیلئے فنڈ کی فراہمی اور معاہدے سے پیچھے ہٹنے کی شق کے دائرہ کار سمیت ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد کے امور کے حل کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ مشترک ترقی اور خوشحالی کی خاطر پرامن اور متحد خطے کے خواب کے حصول کیلئے کام کررہے ہیں۔ پاکستان کو یقین ہے کہ خطے کی اقتصادی ترقی کیلئے مستحکم افغانستان اہم ہے۔ پاکستان اور ایران ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے اس مقصد کے حصول کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کو سراہا۔
ڈاکٹر جواد ظریف نے سرحد کے آر پار غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے سرحدی نظم ونسق کو مستحکم بنانے کے سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
ادھر ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے آج اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ محمد آصف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن وسلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے دونوں ملکوں کی خوشحالی کیلئے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط سمیت اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلوں، بنکنگ چینلز قائم کرنے، تجارتی نمائشوں کے انعقاد محصولاتی اور غیر محصولاتی روکاوٹیں دور کرنے کے ذریعے 2021تک پانچ ارب ڈالر کے تجارتی حجم کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کا عزم ظاہر کیا۔
وزرائے خارجہ نے دونوں برادر ملکوں ایران اور پاکستان کو چاہ بہار اور گوادر کی بندرگاہوں کے درمیان روابط مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکے۔













