چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی ، نیب کے آپریشن ڈویژن خصوصا آپریشنل حکمت عملی کا جائزہ

 
0
440

اسلام آباد مارچ 14(ٹی این ایس)نیب کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی ،اجلاس میں نیب کے آپریشن ڈویژن خصوصا آپریشنل حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا،چئیرمین نیب نے ہدایت کی کہ مبینہ ملزم اور گواہ کو نیب میں بلاتے وقت کال اپ نوٹس میں اس بات کو واضح الفاظ میں درج کیا جانا چاہئے کہ نیب کے قانون کے تحت آپ کو مبینہ ملزم کے طور پر بلایا جا رہا ہے یا گواہ کے طو ر پر اوراگر مبینہ ملزم کے طور پر بلایا جائے تو ملزم کے خلاف متعلقہ کیس اور الزامات کی تفصیلات واضح الفاظ میں تحریر کی جائیں۔جو قانون کے مطابق ہر ملزم کا بنیادی حق ہوتا ہے کہ اس پر مبینہ الزامات کی تفصیلات سے اس کو آگاہ کیا جائے اس کے علاوہ اگر کسی کو گواہ کے طور پر بلایا جا رہا ہے جس میں آپ کے پاس متعلقہ کیس کے متعلق معلومات ہیں جو کہ متعلقہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوانے میں مدگار ثابت ہو سکتی ہے،

چئیرمین نیب نے ہدایت کی کہ نیب میں آنے والے ہر ملزم اور گواہ کی عزت نفس کا خاص خیال رکھا جائے اور جو وقت دیا جائے اس پر متعلقہ گواہ اور مبینہ ملزم کا بیان ریکارڈ کیا جائے،مزید برآں نیب میں آنے والے تمام گواہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔اس کے علاوہ ہر کیس کی ڈائری کو روزانہ کی بنیاد پر تحریرکیا جائے،کمبائن انوسٹیگیشن اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کیس قانون کے مطابق متعلقہ ملزمان کے بیانات اور شواہد کی بنیاد پر مقررہ وقت کے اند ر منطقی انجام تک پہنچایا جائے کیوں کہ اب نیب میں جاری جانچ پڑتال،انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز سالہا سال تک نہیں چلیں گی اور بدعنوانی کے خلاف قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔