وزیرمملکت طلال چوہدری پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد

 
0
411

اسلام آباد مارچ 15(ٹی این ایس): سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پر عدلیہ مخالف بیان بازی کرنے پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کردی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر طلال چوہدری چوہدری کے خلاف فرد جرم عائد کرنے سے متعلق کارروائی شروع ہوئی تو ان کے وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ یہ چارج فریم نہیں ہوسکتا جس پر جسٹس اعجاز افضل خان نے ریمارکس دیے کہ ہم نے آج ہی چارج فریم کرنا ہے۔اس موقع پر طلال چوہدری نے عدالت سے استدعا کی کہ گزشتہ روز ہونے والے توہین عدالت سے متعلق فیصلے درخواست کے ساتھ لگانا چاہتا ہوں، چارج بذات خود ایک دھبہ ہے۔جس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ نہیں یہ دھبہ نہیں ہے، ہم آپ کو سنیں گے اگر کیس نہ بنا تو چھوڑ دیں گے اور آپ کو حتمی دلائل کا موقع دیا جائے گا۔جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ ہر طرح کے کیسز کی اپنی نوعیت ہوتی ہے، آپ جن فیصلوں کا حوالہ دے رہے ہیں دیکھنا ہے وہ اس کیس سے مماثلت رکھتے ہیں۔طلال چوہدری کے وکیل کے دلائل کے بعد عدالت نے ان پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرتے ہوئے اس کی نقل فراہم کردی۔