وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا گورگٹھری میں زیر تعمیر ہیر ٹیج ٹریل پراجیکٹ کا اچانک معائنہ ، جگہ جگہ عمارتی ملبے اور گندگی کے ڈھیروں کی موجودگی پر اظہار پرہمی کیا

 
0
358

 ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبہ کی تکمیل کی وجہ سے درپیش مشکلات پر لوگوں سے معذرت بھی کرلی

پشاور، مارچ 21 (ٹی این ایس):  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے تاریخی تحصیل گورگٹھری میں زیر تعمیر ہیر ٹیج ٹریل پراجیکٹ کا اچانک معائنہ کیا جس کے دوران انہوں نے جگہ جگہ عمارتی ملبے اور گندگی کے ڈھیروں کی موجودگی پر انتہائی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود ڈپٹی کمشنر پشاورکو ہدایت کی کہ ان ڈھیروں کوفوری طور پر ہٹایا جائے اور علاقے کو صاف ستھرا بنایا جائے ۔صوبائی وزیر ماحولیات اشتیاق ارمڑ ، رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی بھی دورے میں اُن کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نے گور گٹھری آمد پر اس تاریخی بازار اور عمارات میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اس تاریخی جگہ کی بحالی پر ایک ارب روپے سے زیادہ لاگت سے کام کررہی ہے جس میں یہاں کی قدیم تاریخی عمارات کی اصل شکل میں بحالی اور مین سڑک و گلی کوچوں کی تعمیر شامل ہے ۔ پرویز خٹک نے دورے کے دوران مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت پورے پشاور شہر کی تاریخی حیثیت بحال کرنا اور شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا چاہتی ہے تاکہ وسطی ایشیاء کے گیٹ وے کی حیثیت سے پشاور کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جا سکے ۔انہوں نے کہاکہ کلین اینڈ گرین پشاور کے تحت پشاور میں شجرکاری، پارکوں کی بحالی اورعمارات، سڑکوں اور گلی کوچوں کی تعمیر و مرمت اور صفائی پر کا م مسلسل جاری ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ اہل پشاور کیلئے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں عظیم منصوبہ ہے جو شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کا مستقل حل ہونے کے علاوہ یہاں کی جمالیاتی خوبصورتی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ اُنہیں مختلف ترقیاتی سکیموں کے ضمن میں مسائل اور مشکلات کا بخوبی علم ہے تاہم انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ دیرپا اور مستقل حل اور تکالیف سے نجات کیلئے کچھ عرصے تک مسائل برداشت کرلیں ۔ وزیراعلیٰ نے ہیرٹیج ٹریل منصوبے سے متاثرہ ہونے والے دکانداروں کو یقین دلایا کہ اُنہیں معاوضے دینے کی منظوری دی جا چکی ہے اور چند ہی دنوں اُنہیں ادائیگی شروع ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گااور نہ ہی تعمیراتی کام میں سستی روی قابل قبول ہو گی ۔اس منصوبے کا حتمی مقصد یہ ہے کہ پشاور کی نشات ثانیہ ہو تعمیراتی کام سے شہر کی تاریخی پس منظر اُبھر کر سامنے آئے ۔ وزیراعلیٰ نے گلبہار میں کھلے مین ہول اور ڈرین سسٹم پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے کہاکہ وہ فوری طور پر ڈرین سسٹم کی تعمیر ومرمت ، صفائی اور خوبصورتی کیلئے اقدامات اُٹھائیں۔