پشاور زلمی پی ایس ایل تھری کے فائنل میں پہنچ گئی، کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دیدی، کامران اکمل کے27 گیندوں پر 77 رنز کی طوفانی اننگز

 
0
41017

لاہور، مارچ 21 (ٹی این ایس):پشاور زلمی نے دوسرے پلے آف میں  کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دے کر  پی ایس ایل تھری کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔جس کے بعد اب  اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں اس کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمینیٹر میں 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم 16 اوورز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بناسکی۔

بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود ہونے والے میچ میں کراچی کنگز کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مختار احمد تھے جو ایک رن بناکر ثمین گل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پہلی وکٹ کے بعد بابر اعظم اور جو ڈینلی کے درمیان 117 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی تاہم اپنی ٹیم کے لیے میچ فنش نہ کرسکے۔

بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 63 جبکہ جو ڈینلی نے 46 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔

پشاور کی جانب سے حسن علی اور ثمین گل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کامران اکمل کی طوفانی اننگز نے پشاور زلمی کو کراچی کنگز کے خلاف 170 کے اسکور تک پہنچادیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے آندرے فلیچر اور کامران اکمل اوپن کرنے آئے اور 107 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

کامران اکمل نے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری 17 گیندوں پر اسکور کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی کے پاس تھا۔

واضح رہے کہ یہ میچ بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود ہے۔

کامران اکمل نے عثمان شنواری کے ایک اوور میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 25 رنز حاصل کیے۔

پشاور کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 30 گیندوں پر 34 رنز بناکر روی بوپارا کی گیند کا شکار بنے۔

دوسرے اینڈ سے کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ جاری تھی تاہم روی بوپارا کے ہی اوور میں وہ بھی پوائنٹ پر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔

کامران اکمل نے 27 گیندوں پر 77 رنز کی طوفانی اننگز کھیل پر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو انتہائی مضبوط بنادیا۔

پشاور کے آگے آنے والے بلے بازوں نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ کپتان ڈیرن سیمی 12 گیندوں پر 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اختتامی اوورز میں زلمی کی کچھ گریں تاہم اس کے باوجود ٹیم 171 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔

کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے تین، ٹائمل ملز نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں گزشتہ روز کی طرح آج بھی بارش ہوئی جس کی وجہ سے میچ تاخیر کے بعد شروع ہوا جبکہ اسے 16، 16 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔

نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ایک بولر اپنے مکمل چار اوورز کرسکیں گے جبکہ دیگر بولرز زیادہ سے زیادہ تین اوورز ہی کرواسکیں گے جبکہ پاور پلے 5 اوورز کا ہوگا۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، انجرڈ تمیم اقبال کی جگہ کرس جارڈن کو شامل کیا گیا ہے۔

بارش کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں پچ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا تھا اور بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ کو خشک کرنے کا کام کیا گیا۔