ٹرمپ کی جمہوریت نہیں مانتے،ملک اسلامی مملکت بنائیں گے،سراج الحق

 
0
397

لاہور مارچ 23(ٹی این ایس): امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی جمہوریت کو نہیں مانتے، ہم ایسی جمہوریت کے حامی ہیں جہاں قرآن وسنت کے مطابق فیصلے کیے جاتے ہوں۔ ملک سے امریکا کے درباریوں کا خاتمہ کرکے ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنائیں گے۔ متحدہ مجلس عمل عملی طور پر بحال ہوچکی ہے اور متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر ملک بھر میں طاغوتی طاقتوں کا راستہ روکیں گے۔ ان خیالات اظہارانہوں نے خال کالونی کے دینی مدرسہ تعلیم القران میں ختم بخاری شریف کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجتماع میں شیخ القرآن حضرت مولانا عبدالجبار اورمولانا خائستہ رحمن نے فارغ التحصیل 109طلبہ وحفاظ کی دستار بندی کی۔اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک کی حکمرانی کے اصل حقدار علما کرام ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک پر ایسے حکمران مسلط ہیں جو قرآن وسنت سے نا واقف ہیں۔ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک مسائل کی دلدل میں پھنس چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں جوڈیشل مارشل لا نافذ کرنے کی باتیں کررہی ہیں لیکن آئین میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔ انتخابات آئین کے مطابق بروقت ہونے چاہئیں۔ انہوں نے ایک بار پھر نگران وزیر اعظم کے لیے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیرخان کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان غیرمتنازع شخصیت اور قوم کے محسن ہیں،انہوں نے ملک و قوم کا دفاع ناقابل تسخیر بنایاہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کے پہلے عشرے میں اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کا ورکرز کنونشن منعقد ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ نقیب اللہ محسود کے مبینہ قاتل راؤانوارکے خلاف عدالت جلد ازجلد فیصلہ کرے، اگر وہ قصور وار ہوں تو انہیں سزا دی جائے۔انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو اپنی فضائی حدود سے طیاروں کی پروازکی اجازت اور دبئی میں مودی کے مندر کاافتتاح کرنے پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس سے فارغ التحصیل طلبہ پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے کی اصلاح میں اپنا بھرپور کردار اد اکریں۔ علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے ضلع دیر پائین کے 73طبی مراکز میں7کروڑ روپے کی بنیادی سہولیات کا ساز وسامان تقسیم کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کہا کہ ملک میں سب سے بڑی بیماری اس وقت کرپشن ہے اور کرپشن میں سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ ملوث ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سیاسی لیڈر شپ کا بلا امتیاز احتساب کریں جب تک اوپر سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو تا، ملک سے کرپشن ختم کرنانا ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی ہے اور دونوں شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ مزید بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے تنگ نظری کی سیاست کا خاتمہ کرکے رواداری اور پیار و محبت کی سیاست کو فروغ دیا ہے، انہوں نے کہاکہ تیمرگرہ میں میڈیکل کالج کی منظوری ہو گئی ہے اور بہت جلد اس منصوبے پر کام کا آغاز ہو جائے گا،جس سے یہاں کے غریب ذہین طلبہ و طالبات استفادہ کریں گے اور ضلعے میں معاشی خوشحالی آئے گی۔آخر میں سینیٹر سراج الحق اور صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے ضلعے کے73طبی مراکز میں 7کروڑ روپے کی بنیادی سہولیات کا ساز وسامان طبی مراکز کے انچارجز کے حوالے کیا۔ ضلع کونسل ہال بلامبٹ میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ،ڈی سی سرمد سلیم اکرم،ڈی ایچ او ڈاکٹر شو کت علی،ضلع ناظم حاجی محمد رسول خان، جماعت کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع،ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور عمائدین علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔اس مو قع پر ڈی ایچ او لوئر دیر ڈاکٹر شوکت علی نے ضلعے میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے کہاکہ قلیل مدت میں علاج ومعالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ضلعے میں ڈاکٹرز پیر امیڈیکس اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی کمی کو پورا کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ اس وقت ضلعے میں ٹی بی کی مفت علاج کی فرہمی کے لیے 13 سینٹرز قائم کرنے سمیت ملیریا اور ڈینگی پر قابو پانے کے لیے خصوصی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلعے میں وافر مقدارمیں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں سیکرٹری صحت عابد مجید نے خصوصی دلچسپی رکھتے ہوئے خطیر فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔