لاہور:سروسز اسپتال میں جھگڑا، گارڈز کے تشدد سے مریضہ کا بھائی جاں بحق

 
0
1834

گائنی وارڈ میں لیڈی ڈاکٹر سے تلخ کلامی پر سیکیورٹی گارڈ اور مریضہ کے لواحقین میں جھگڑا ہوا
لاہور مارچ 27(ٹی این ایس) لاہور کے سروسز اسپتال میں لواحقین اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں مریضہ کا بھائی جاں بحق جبکہ سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق کرن نامی مریضہ کو اسپتال کے گائنی وارڈ لایا گیا تھا جہاں لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ تلخ کلامی پر سیکیورٹی گارڈ اور لواحقین میں جھگڑا ہوگیا۔جھگڑے کے نتیجے میں مریضہ کا بھائی سنیل شدید زخمی ہوگیا، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں ہی دم توڑ گیا۔جھگڑے میں نواز نامی ایک سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا، جس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔مقتول سنیل صدر کا رہائشی اور موٹروے پولیس کا کانسٹیبل بتایا جاتا ہے۔پولیس نیسنیل کی موت کا مقدمہ اس کے بھائی کی مدعیت میں درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سروسز اسپتال میں تشدد سے مریضہ کے بھائی کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ذمے داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔