نواز شریف نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں،بینظیر بھٹو کو سکیورٹی رسک قرار دینے والے آج خود اسی الزام کی زد میں ہیں‘ پیپلزپارٹی

 
0
311

لاہور جنوری 7(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی نے نواز شریف کو مکافات عمل کا شکار قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ نواز شریف نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں،محترمہ بینظیر بھٹو کو سکیورٹی رسک قرار دینے والے نواز شریف آج خود اسی الزام کی زد میں ہیں۔ اپنے بیان میں جنرل سیکرٹری چوہدری منظور نے کہا کہ لاڈلے نواز شریف محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو سکیورٹی رسک قرار دیا کرتا تھے لیکن مکافات عمل دیکھیں اب لاڈلاعمران خان لاڈلے نواز شریف کو سکیورٹی رسک قرار دے رہا ہے۔تاریخ کا المیہ ہے کہ لاڈلا بھی اب کسی اور کو لاڈلا کہہ رہا ہے،اب جھگڑا صرف لاڈلے کا نہیں بلکہ انوکھا لاڈلا بننے کا ہے،جھگڑا یہ ہے کہ انوکھا لاڈلا کون ہوگا جسے کھیلنے کو اقتدار کا چاند چاہیے۔ چوہدری منظور نے کہا کہ لاڈلوں کی سیاست نظریات کی نہیں کندھوں اور لاٹھی کی محتاج ہوتی ہے، جس دن کندھا اور لاٹھی ہاتھ سے کھسک گئے لاڈلے نابیناؤں کی طرح بیچ سڑک بے یار و مددگار نظر آئیں گے۔نظریات کی سیاست صرف پیپلز پارٹی کی ہے جو پانچ دہائیوں کے عتاب کے باوجود زندہ ہے۔